اسلام آباد: آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات کے دوران بین الاقوامی نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹنگ پر وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے ردعمل سامنے آگیا ہے۔
وزارت اطلاعات نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں الجزیرہ کی رپورٹنگ پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ادارے نے مخصوص اوقات میں چند منتخب پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کیا اور پہلے سے طے شدہ بیانات کی بنیاد پر ایسی تصویر پیش کرنے کی کوشش کی جو زمینی حقائق سے مطابقت نہیں رکھتی۔
We have taken note of Al Jazeera’s selective reporting from handpicked polling stations in Muzaffarabad today. Through carefully chosen timings and scripted statements from selected individuals, the channel has sought to misrepresent the AJK elections and the voting process.
Such…— Ministry of Information & Broadcasting (@MoIB_Official) August 2, 2026
بیان میں کہا گیا کہ آزاد کشمیر کے عوام کی بڑی تعداد نے انتخابی عمل میں شرکت کی اور جمہوری انداز میں اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کیا، تاہم بعض غیر ملکی عناصر عوامی مینڈیٹ کو متنازع بنانے کے لیے مختلف ذرائع استعمال کر رہے ہیں۔
وزارت اطلاعات کے مطابق الجزیرہ کی رپورٹنگ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی دکھائی دیتی ہے۔ اعلامیے میں اس طرزِ صحافت کو “زرد صحافت” قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ چند مخصوص مناظر اور منتخب افراد کے بیانات کی بنیاد پر پورے انتخابی عمل کے بارے میں رائے قائم کرنا صحافتی اصولوں کے منافی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : آزاد کشمیر انتخابات کا دوسرا مرحلہ، بیشتر نشستوں پر مسلم لیگ ن کے امیدوار کامیاب
اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ عوام کے فیصلے نے ثابت کیا کہ ووٹرز نے جمہوری عمل پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اپنے نمائندوں کے انتخاب میں بھرپور حصہ لیا۔
انتخابی عمل کے خلاف منفی تاثر پیدا کرنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی کیونکہ عوام نے آزادانہ طور پر اپنی رائے کا اظہار کیا ہے۔
وزارت اطلاعات نے بین الاقوامی میڈیا پر زور دیا کہ رپورٹنگ کے دوران غیر جانبداری، توازن اور صحافتی ذمہ داری کو مدنظر رکھا جائے تاکہ حقائق کو مکمل تناظر کے ساتھ دنیا کے سامنے پیش کیا جا سکے۔
دوسری جانب پاکستان میں الجزیرہ کی ویب سائٹ کے صارفین کو رسائی میں مشکلات کا سامنا ہے، جس کے باعث بعض صارفین نے ویب سائٹ نہ کھلنے کی شکایات کی ہیں۔





