خیبرپختونخوا پولیس کے لیے ہارڈ ایریا الاؤنس کی سفارشات منظور، تنخواہوں میں 250 فیصد اضافے کی تجویز

پشاور: خیبرپختونخوا پولیس کے دہشت گردی کے خلاف فرائض انجام دینے والے افسران اور اہلکاروں کے لیے ہارڈ ایریا الاؤنس دینے سے متعلق سفارشات منظور کرلی گئی ہیں۔ حتمی منظوری ملنے کے بعد اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیے جانے کا امکان ہے۔

پولیس حکام کے مطابق محکمہ داخلہ خیبرپختونخوا کی جانب سے پولیس کو ہارڈ ایریا الاؤنس دینے کی سفارشات وفاقی حکومت کو ارسال کی جاچکی ہیں۔ اب ہارڈ ایریاز کی نشاندہی کے بعد متعلقہ اضلاع کی تفصیلات بھی وفاقی حکومت کو بھجوائی جائیں گی۔

حکام نے بتایا کہ صوابی اور ہزارہ ڈویژن کو چھوڑ کر خیبرپختونخوا کے تقریباً تمام اضلاع کو ہارڈ ایریا قرار دینے کی تجویز پیش کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا پولیس میں بڑے پیمانے پر تبادلے و تعیناتیاں

وفاقی حکومت کو سفارشات ارسال ہونے کے بعد حتمی منظوری کی صورت میں الاؤنس سے متعلق باضابطہ نوٹیفکیشن جاری ہوگا۔

پولیس حکام کے مطابق خیبرپختونخوا کو ہارڈ ایریا کا درجہ دینے کے لیے پہلا خط مارچ 2025 میں وفاقی حکومت کو بھیجا گیا تھا۔ مجوزہ اقدام پر عمل درآمد کی صورت میں پولیس افسران اور اہلکاروں کی بنیادی تنخواہوں میں 250 فیصد تک اضافہ متوقع ہے۔

خیبرپختونخوا پولیس اس سے قبل بھی دہشت گردی کے خلاف مسلسل فرائض کی انجام دہی اور دیگر صوبوں کے مقابلے میں تنخواہوں میں موجود فرق کو مدنظر رکھتے ہوئے ہارڈ ایریا اسٹیٹس دینے کا مطالبہ کرتی رہی ہے۔

Scroll to Top