پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انگلینڈ کے خلاف جاری ٹیسٹ سیریز کے دوران بڑی تبدیلیوں کا فیصلہ کرتے ہوئے قومی ٹیسٹ ٹیم کے 7 کھلاڑیوں سمیت ہیڈ کوچ اور بولنگ کوچ کو اسکواڈ سے ریلیز کر دیا ہے۔
پی سی بی کے اعلان کے مطابق ریلیز کیے جانے والے کھلاڑیوں میں سینئر وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان، اوپنر امام الحق، سلمان علی آغا، عامر جمال، علی عثمان، اویس ظفر اور فاسٹ بولر خرم شہزاد شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ مینجمنٹ میں بڑا ردوبدل کرتے ہوئے ہیڈ کوچ سرفراز احمد اور بولنگ کوچ عمر گل کو بھی ذمہ داریوں سے سبکدوش (ریلیز) کر دیا گیا ہے۔
ٹیم کا توازن برقرار رکھنے کے لیے بورڈ نے فوری طور پر 7 متبادل کھلاڑیوں کا اعلان کر کے انہیں اسکواڈ میں شامل کر لیا ہے۔ ان نئے کھلاڑیوں میں صائم ایوب، عبداللہ فضل، عرفات منہاس، محمد عمران جونیئر، سعد بیگ، محمد عمران رندھاوا اور رضا اللہ شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : انگلینڈ کے خلاف دو ٹیسٹ میچز ہارنے کے بعد پی سی بی نے بڑا فیصلہ کرلیا
دلچسپ بات یہ ہے کہ نئے شامل کیے گئے 7 میں سے 5 کھلاڑی ایسے ہیں جنہوں نے ابھی تک بین الاقوامی سطح پر کوئی ٹیسٹ میچ نہیں کھیلا اور وہ ڈیبیو کی منتظر ہیں جبکہ 2 کھلاڑی پہلے بھی ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ پی سی بی کے مطابق تمام نئے متبادل کھلاڑی تیسرے اور حتمی ٹیسٹ میچ کے آغاز سے قبل انگلینڈ پہنچ کر قومی اسکواڈ کو جوائن کر لیں گے۔





