پشاور: کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے پشاور کے علاقے بڈھ بیر میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم فتنہ الخوارج کے چار دہشت گردوں کو ہلاک کر دیاجبکہ ان کے دیگر ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق بڈھ بیر میں خارجی کمانڈر طاہر عرف معاویہ اور اس کے مسلح ساتھیوں کی موجودگی اور پیٹرولنگ کی اطلاع موصول ہوئی تھی، جس پر سی ٹی ڈی کیSWAT ٹیموں نے علاقے کے داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندی کی۔ ناکہ بندی کے دوران دو موٹر سائیکلوں پر سوار مشتبہ افراد کو رکنے کا اشارہ کیا گیا تو انہوں نے پولیس ٹیم پر سیدھی فائرنگ شروع کر دی۔
سی ٹی ڈی اور دہشت گردوں کے درمیان 20 سے 30 منٹ تک شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔ فائرنگ تھمنے کے بعد سرچ آپریشن کے دوران چاروں خوارج کی لاشیں ملیں جبکہ فرار ہونے والوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے 3 ایس ایم جیز، ایک پستول، ہینڈ گرینیڈ، موبائل فون، میگزین اور متعدد کارتوس برآمد ہوئے ہیں۔ ایک ہلاک خارجی کی جیب سے افغان تذکرہ بھی ملا ہے جوامان خان ولد علی خان، ساکن کنڑ افغانستان کے نام سے جاری کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستانی کرکٹ ٹیم اور محسن نقوی کی کنگ چارلس سے کلیئرنس ہاؤس میں ملاقات،امن کیلئے کوششوں کو سراہا
آئی جی پولیس خیبر پختونخوا اور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے کامیاب آپریشن پر جوانوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں امن و امان خراب کرنے والوں کو قانون کے مطابق کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔





