سعودی عرب کے وزیر تجارت ماجد القصبی نے ملک میں تجارتی ضوابط کی منظوری دیتے ہوئے قوانین کی خلاف ورزیوں پر بھاری جرمانوں کا نیا شیڈول نافذ کر دیا ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق نئے ضوابط کے تحت اشیائے ضروریہ کے مقررہ نرخوں کی خلاف ورزی پر زیادہ سے زیادہ 1 لاکھ ریال تک کا جرمانہ عائد کیا جا سکے گا۔ اس کے علاوہ دکانوں یا تجارتی اداروں میں “فروخت شدہ مال واپس یا تبدیل نہیں ہوگا” کا بورڈ لگانے پر 1 ہزار ریال تک جرمانہ مقرر کیا گیا ہے۔
الیکٹرانک ادائیگیوں کے حوالے سے بھی سخت احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ ای-پیمنٹ کی سہولت سے متعلق خلاف ورزی پر 200 سے 1 ہزار ریال، جبکہ تمام وسائل موجود ہونے کے باوجود الیکٹرانک ادائیگی سے انکار کرنے پر 400 سے 2 ہزار ریال تک جرمانہ ہوگا۔ اگر یہی خلاف ورزی دوبارہ دہرائی گئی تو جرمانے کی رقم دگنی کر دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں : پاک افغان سرحد پر افغان طالبان کی جارحیت خاک میں مل گئی، سیکیورٹی فورسز کے منہ توڑ جواب سے 14 طالبان ہلاک، 4 چوکیاں تباہ
نئے ضوابط کے تحت خریداروں کو رسید نہ دینا، اشیاء پر قیمتیں درج نہ کرنا، سیلز یا تجارتی مقابلوں کے اصولوں کی خلاف ورزی اور پروڈکٹس کے بارے میں غلط معلومات فراہم کرنے پر بھی 200 سے 1 ہزار ریال تک کا جرمانہ لاگو ہوگا۔ وزارتِ تجارت نے واضح کیا ہے کہ یہ تمام اقدامات مارکیٹ میں شفافیت اور صارفین کے حقوق کے تحفظ کے لیے اٹھائے گئے ہیں۔





