خیبر پختونخوا: محکمہ اعلیٰ تعلیم میں افسران کے تبادلے و تعیناتیاں

محکمہ اعلیٰ تعلیم خیبر پختونخوا نے اعلیٰ انتظامی سطح پر اہم ردوبدل کرتے ہوئے مختلف کالجوں کے پرنسپلز اور سینئر پروفیسرز کے تبادلوں اور نئی تعیناتیوں کے باضابطہ احکامات جاری کر دیے ہیں۔ 

سیکرٹری ہائر ایجوکیشن کی منظوری سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق یہ تمام تبدیلیاں مفادِ عامہ کے تحت کی گئی ہیں اور ان کا نفاذ فوری طور پر ہو گا۔ 

نئے احکامات کے تحت گورنمنٹ کالج پشاور کے پرنسپل محمد انوار خان (گریڈ 21) کو منتقل کر کے گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج کرک کا پرنسپل تعینات کیا گیا ہے جبکہ گورنمنٹ کالج پشاور کے پروفیسر آف فزکس شفیع اللہ (گریڈ 20) کو اسی کالج میں اون پے سکیل کی بنیاد پر بطور پرنسپل ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔

 اسی طرح گورنمنٹ ڈگری کالج ناگمان پشاور کے پروفیسر آف پولیٹیکل سائنس راشد حسین مغل (گریڈ 20) کا تبادلہ گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج مردان کر دیا گیا ہے جبکہ گورنمنٹ کالج پشاور کے پروفیسر آف کیمسٹری عبداللہ (گریڈ 20) کو گورنمنٹ ڈگری کالج ناگمان پشاور کا نیا پرنسپل مقرر کیا گیا ہے۔ 

یہ بھی پڑھیں : سرکاری گاڑی واپس کیوں نہیں کی؟ ڈپٹی اسپیکرخیبرپختونخوا ثریا بی بی کے خلاف مقدمہ درج

محکمہ اعلیٰ تعلیم نے نوٹیفکیشن کی کاپیاں تمام متعلقہ دفاتر اور ڈائریکٹوریٹ کو ارسال کرتے ہوئے تمام افسران کو فوری طور پر نئی ذمہ داریاں سنبھالنے کی ہدایت کر دی ہے۔

Scroll to Top