اسلام آباد: بلدیاتی انتخابات کا انتخابی شیڈول آج ہی جاری کرنے کا باقاعدہ اعلان

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں مسلسل تاخیر پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2015 کے تحت انتخابات کرانے کا حکم دے دیا ہے اور اعلان کیا ہے کہ انتخابی شیڈول آج ہی جاری کر دیا جائے گا۔

 چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے کیس کی سماعت کے بعد یہ مختصر حکمنامہ پڑھ کر سنایا، جس کے موقع پر سیکرٹری داخلہ اور الیکشن کمیشن کے اعلیٰ حکام عدالت میں پیش ہوئے۔

سماعت کے دوران الیکشن کمیشن کے اسپیشل سیکرٹری ظفر اقبال ملک نے آگاہ کیا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے جاری کردہ بلدیاتی آرڈیننس کی مدت 6 ستمبر کو ختم ہو چکی ہے، جبکہ حتمی حلقہ بندیوں کی فہرست 14 اکتوبر کو شائع کر دی گئی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ وزارت داخلہ کو بارہا یاد دہانی کے مراسلے بھجوانے کے باوجود اسلام آباد لوکل گورنمنٹ کے قواعد فراہم نہیں کیے گئے اور وزارتِ قانون نے بھی قواعد کی توثیق سے انکار کر دیا ہے، جبکہ وفاقی حکومت نے نیا بلدیاتی قانون بھی تیار نہیں کیا۔ اس لیے الیکشن کمیشن کے پاس اسلام آباد لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2015 کے سوا کوئی راستہ نہیں بچا۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ 2015 کے قانون کے تحت الیکشن کرانے سے حلقہ بندیوں پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

یہ بھی پڑھیں : چشمہ لفٹ کینال منصوبے پر عملی پیش رفت، گورنر فیصل کریم کنڈی کا بڑا اعلان

 انہوں نے حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزراء، سیکرٹری داخلہ اور چیف کمشنر کی جانب سے بارہا یقین دہانیوں کے باوجود انتخابی عمل التوا کا شکار رہا، جس سے ایسا لگتا ہے کہ حکومت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کرانے میں سنجیدہ نہیں ہے۔

 انہوں نے واضح کیا کہ آئین کے تحت مقامی حکومتوں کے الیکشن کا انعقاد لازمی ہے، اس لیے الیکشن کمیشن مجبور ہو کر آج ہی انتخابی شیڈول جاری کرنے کا حکم دے رہا ہے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد میں آخری بلدیاتی انتخابات 2015 میں ہوئے تھے اور منتخب بلدیاتی حکومت کی مدت 14 فروری 2021 کو ختم ہو چکی تھی۔

آئین و قانون کے تحت 120 دن کے اندر نئے انتخابات کرانا لازمی تھے، تاہم قانون میں بار بار تبدیلیوں، آرڈیننس کے نفاذ اور انتظامی رکاوٹوں کے باعث دارالحکومت کی عوام پچھلے چند سالوں سے اپنے بنیادی بلدیاتی اور جمہوری حق سے محروم چلی آ رہی تھی۔

Scroll to Top