پشاور: خیبر پختونخوا کے میڈیکل ٹیچنگ انسٹیٹیوٹس (ایم ٹی آئیز) میں ٹرینی رجسٹرار کی آسامیوں کے حوالے سے اہم فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
پالیسی بورڈ نے صوبے کے تمام ایم ٹی آئیز میں ٹرینی رجسٹرار کی آسامیوں کے اشتہارات فوری طور پر واپس لینے اور یہ پوسٹیں ختم کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
میڈیکل ٹیچنگ انسٹیٹیوٹس خیبر پختونخوا کے پالیسی بورڈ کی جانب سے یکم ستمبر کو صوبے کے تمام بورڈز آف گورنرز کو جاری کیے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ایم ٹی آئیز میں ٹرینی رجسٹرار کی آسامیوں کے متعدد اشتہارات سامنے آئے ہیں۔
مراسلے کے مطابق ان آسامیوں کے لیے مقررہ اہلیت کا جائزہ لینے سے معلوم ہوا ہے کہ یہ عہدے ایسے ٹرینی میڈیکل افسران کے لیے راستہ فراہم کرتے ہیں جنہوں نے اپنی تربیت مکمل کرلی ہے، تاہم وہ ایف سی پی ایس امتحان پاس نہیں کرسکے۔
یہ بھی پڑھیں : سی پیک کے ذریعے غیر قانونی لکڑی کی ترسیل کا انکشاف
پالیسی بورڈ نے واضح کیا ہے کہ ایف سی پی ایس امتحان پاس کرنے والے ڈاکٹروں کے لیے متعلقہ شعبے میں فیکلٹی پوزیشن حاصل کرنے کی خاطر پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کی مقررہ دو سالہ تجربے کی شرط پوری کرنے کے لیے پہلے ہی آسامیاں دستیاب ہیں۔
مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ یہ آسامیاں خصوصی طور پر نوجوان ڈاکٹروں کو فیکلٹی پوزیشن کے لیے مطلوبہ اہلیت حاصل کرنے کا موقع فراہم کرنے کے مقصد سے تخلیق کی گئی ہیں اور ان کی مدت زیادہ سے زیادہ دو سال ہوگی۔
پالیسی بورڈ نے تمام بورڈز آف گورنرز کو ہدایت کی ہے کہ ٹرینی رجسٹرار کی تمام آسامیوں کے اشتہارات فی الفور واپس لیے جائیں اور ان پوسٹوں کو ختم کردیا جائے۔





