9 مئی کے مقدمات میں نامزد پی ٹی آئی رہنما اعجاز خان جازی گرفتار

Pakistan SCO Summit 2026

راولپنڈی: راولپنڈی پولیس نے کالج روڈ پر واقع ابابیل ہاؤس میں کارروائی کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیئر رہنما اور سابق رکن صوبائی اسمبلی اعجاز خان جازی کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق اعجاز خان جازی کے خلاف 9 مئی 2023 کے واقعات سے متعلق مقدمات اور احتجاج کے دوران سرکاری و عسکری املاک کو پہنچنے والے نقصان کے حوالے سے قانونی کارروائی جاری ہے۔

منگل کے روز پولیس کی بھاری نفری نے کالج روڈ پر واقع ابابیل ہاؤس کو گھیرے میں لیا اور سابق ایم پی اے اعجاز خان جازی کو ان کے دفتر سے حراست میں لے لیا۔

کارروائی کے دوران انصاف یوتھ ونگ پنجاب کے سابق نائب صدر ملک فیصل اعوان کے بھائی کو بھی حراست میں لیا گیا، جس کے بعد علاقے کی سیاسی صورتحال میں ایک بار پھر کشیدگی پیدا ہوگئی۔

یہ بھی پڑھیں : سابق وفاقی وزیر حماد اظہر انسداد دہشت گردی عدالت پیش، 20 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

9 مئی 2023 کے واقعات کے بعد پی ٹی آئی کے متعدد رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف مقدمات درج کیے گئے تھے۔ ان واقعات کے دوران مختلف شہروں میں احتجاج کے دوران سرکاری املاک اور عسکری تنصیبات کو نقصان پہنچایا گیا تھا۔

اعجاز خان جازی کی گرفتاری بھی 9 مئی سے متعلق جاری قانونی کارروائیوں کے سلسلے کی ایک کڑی قرار دی جارہی ہے۔

واضح رہے کہ کسی بھی مقدمے میں الزام ثابت ہونا عدالت کے حتمی فیصلے سے مشروط ہوتا ہے۔

Pakistan SCO Summit 2026
Scroll to Top