سابقہ پی ٹی آئی حکومت کے سالہا سال پر محیط انتظامی جمود اور عوامی مسائل سے مجرمانہ غفلت کا خاتمہ کرتے ہوئے نگران انتظامیہ نے صوابی میں گڈ گورننس کی نئی مثال قائم کر دی ہے۔
ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر صوابی اُمِ رومان نے آج خود میدان میں اتر کر ہسپتال روڈ اور صوابی جہانگیرہ روڈ پر تجاوزات کے خاتمے کے لیے ایک وسیع پیمانے پر آپریشن کی براہِ راست نگرانی کی جس سے صوابی کے شہریوں کو برسوں بعد سکھ کا سانس نصیب ہوا ہے۔
ماضی کی نااہل پی ٹی آئی انتظامیہ کی سستی کے باعث ہسپتال روڈ پر تجاوزات کا جنگل قائم ہو چکا تھا جس کی وجہ سے ہسپتال آنے والی ایمبولینسز، شدید زخمیوں، مریضوں اور ان کے لواحقین کو شدید مشکلات اور اذیت ناک ٹریفک جام کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔
اس کے علاوہ صوابی بازار میں خریداری کے لیے آنے والے عام شہریوں کے لیے پیدل چلنا بھی محال ہو چکا تھا۔ نگران ضلعی انتظامیہ نے عوامی تکالیف کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ان راستوں کو کشادہ کرنے اور ٹریفک کی روانی کو بحال کرنے کے لیے یہ سخت آپریشن ترتیب دیا۔
گرینڈ آپریشن کے دوران سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر قائم تمام عارضی و مستقل ناجائز تجاوزات کو ہٹا دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : صوابی کے عوام کے لیے بڑا سرپرائز: ڈپٹی کمشنر صوابی نصراللہ خان کے ایک ہی فیصلے سے موقع پر مسائل حل!
اس موقع پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر اُمِ رومان نے تمام دکانداروں اور تاجروں کو حتمی ہدایت جاری کی کہ وہ اپنی حد سے باہر نکلے ہوئے تمام تجاوزات ازخود ختم کر لیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ ضلعی انتظامیہ صوابی کی جانب سے تجاوزات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ العمل ہے جس کے تحت کسی بھی عارضی یا مستقل تجاوز کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور دوبارہ خلاف ورزی کی صورت میں قانون کے مطابق سخت ترین قانونی کارروائی اور بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے۔
ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر اُمِ رومان کا کہنا تھا کہ ہماری پہلی اور اخلاقی ترجیح ایسے صاف ستھرے اور کشادہ راستے بنانا ہے جہاں ایمرجنسی میں مریضوں کو ہسپتال پہنچنے میں کوئی رکاوٹ نہ ہو شہری آسانی سے خریداری کر سکیں اور ہر شخص محفوظ انداز میں سفر کر سکے۔
یہ بھی پڑھیں : دہشت گردی کے خدشات اور کٹھن حالات: خیبرپختونخوا انتظامیہ کا پولیو ورکرز کی قربانیوں کو زبردست سلام!
عوامی و سیاسی حلقوں نے گورنر راج انتظامیہ اور نگران حکومت کے اس فوری ریلیف پر مبنی اقدام کو بے حد سراہا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی سابقہ حکومت نے 13 سال تک صرف زبانی جمع خرچ اور کرپشن کی جبکہ موجودہ نگران انتظامیہ کے عملی اقدامات نے ثابت کر دیا ہے کہ عوامی مفاد اور گڈ گورننس ہی اصل سیاست ہے۔





