نصراللہ خٹک
چارسدہ کے علاقے تھانہ سرڈھیری کی حدود میں سسرال سے میکے جانے والی خاتون کو چار ملزمان نے مبینہ طور پر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔
واقعے کے بعد پولیس نے متاثرہ خاتون کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق متاثرہ خاتون نے اپنے شوہر کے ہمراہ تھانے پہنچ کر واقعے کی رپورٹ درج کروائی۔ اپنے ابتدائی بیان میں خاتون نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ سسرال سے اپنے میکے جا رہی تھی کہ راستے میں ملزمان نے اسے زبردستی روکا اور جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔
واقعے کے فوری بعد پولیس نے متاثرہ خاتون کو طبی معائنے کے لیے ہسپتال منتقل کرتے ہوئے ضروری نمونے حاصل کر لیے ہیں۔ واردات کے بعد چاروں ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جن کی گرفتاری کے لیے پولیس نے مختلف ٹیمیں تشکیل دے کر چھاپے مارنا شروع کر دیے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کیس کی شفاف تحقیقات کرتے ہوئے ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
واضح رہے کہ ایک ہفتہ قبل صوبائی دارالحکومت پشاور میں بھی اسی نوعیت کا دلخراش واقعہ پیش آ چکا ہے جس کے بعد پے در پے ایسے واقعات کے سامنے آنے پر شہریوں میں شدید تشویش اور خوف و ہراس پایا جا رہا ہے۔





