اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کی جغرافیائی سلامتی، خودمختاری اور دفاعی اقدامات کے ساتھ پوری طرح کھڑا ہے۔
سلامتی کونسل کے اجلاس کے دوران پاکستانی مندوب نے حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب پر کیے جانے والے حالیہ حملوں کی شدید ترین مذمت کی۔
انہوں نے خبردار کیا کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور بالخصوص اہم سمندری گزرگاہ باب المندب پر ہونے والے حملے نہ صرف خطے کے امن کو داؤ پر لگا رہے ہیں، بلکہ اس سے عالمی معیشت اور سپلائی چین بھی شدید متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی برادری کو اس صورتحال کا سنجیدہ نوٹس لینا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں صف اول کی ریاست کے طور پر اہم کردار ادا کیا ہے، عاصم افتخار
دوسری جانب، یمنی مندوب نے بھی سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عالمی برادری سے پُرزور مطالبہ کیا کہ حوثیوں کو جدید اسلحے کی فراہمی کے تمام ذرائع کو فوری طور پر روکا جائے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ حوثیوں کی جارحانہ کارروائیاں اب صرف یمن تک محدود نہیں رہیں بلکہ یہ پورے خطے کی سلامتی کے لیے ایک سنگین اور ناسور خطرہ بن چکی ہیں، جس کے تدارک کے لیے مشترکہ اور فوری لائحہ عمل کی ضرورت ہے۔





