اعجاز آفریدی
پشاور: سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر جنید الطاف نے کہا ہے کہ پاک افغان بارڈر کی طویل بندش سے خیبر پختونخوا کی کاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں، بارڈر صوبے کی تجارت کے لیے لائف لائن اور شاہ رگ کی حیثیت رکھتا ہے، اس لیے اسے زیادہ دیر بند رکھنے کا بوجھ برداشت نہیں کیا جاسکتا۔
پختون ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے جنید الطاف نے کہا کہ سرحد چیمبر گزشتہ تقریباً 11 ماہ سے پاک افغان بارڈر کی بندش کے معاملے پر آواز اٹھا رہا ہے۔
ان کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے ساتھ ہونے والی آخری ملاقات میں ایک ماہ کے اندر پشاور آکر متعلقہ اداروں اور صوبائی حکومت کے ساتھ معاملے پر پیش رفت کا وعدہ کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ محسن نقوی کی مصروفیات زیادہ ہیں، تاہم امید ہے کہ اس معاملے میں جلد کچھ پیش رفت ہوگی۔ سرحد چیمبر نے افغانستان کے سفیر سے بھی علاقائی تجارت بحال کرنے کے حوالے سے بات کی ہے اور اس ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔
جنید الطاف کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں کاروبار کرنے کی لاگت دیگر صوبوں کے مقابلے میں زیادہ ہے، اس لیے صوبے کے لیے پاک افغان بارڈر کی بندش ایک بڑا مسئلہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ واخان اور طورخم پر مشتمل تجارتی کوریڈور کا سالانہ کاروبار تقریباً 6 سے 7 ارب ڈالر ہے، جبکہ بارڈر کو تقریباً 13 ماہ گزرنے کے باوجود بند رکھا گیا ہے۔
ان کے مطابق اس بندش سے حکومت کو بھی اربوں ڈالر کے تجارتی نقصان کا سامنا ہے، جبکہ خیبر پختونخوا میں سبزی فروش سے لے کر فیکٹری مالک تک مختلف شعبوں سے وابستہ افراد متاثر ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور: سرحد چیمبر کے انتخابات، 20 نشستوں پر 40 امیدوار آمنے سامنے
سرحد چیمبر کے صدر نے خیبر پختونخوا میں کاروبار کرنے والے افغان شہریوں کے حوالے سے کہا کہ ان کے لیے بھی ایک ہموار اور واضح پالیسی ہونی چاہیے، جیسی دنیا میں بیرونی سرمایہ کاروں کے لیے بنائی جاتی ہے۔
جنید الطاف نے کہا کہ خیبر پختونخوا نے ملک کے لیے ہمیشہ قربانیاں دی ہیں اور اب بھی صوبے کے عوام اور کاروباری طبقے کے روزگار سے وابستہ اس مسئلے کا حل چاہتے ہیں۔
دوسری جانب سرحد چیمبر آف کامرس پشاور کے سالانہ انتخابات 2026-28 کے لیے پولنگ کا عمل بھی جاری ہے۔
مختلف نشستوں پر امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہو رہا ہے، جبکہ بزنس مین فورم اور پشاور بزنس الائنس کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔
انتخابات میں کاروباری برادری بھرپور شرکت کر رہی ہے، جبکہ پولنگ مراکز پر سیکیورٹی سمیت تمام انتظامات مکمل کیے گئے ہیں۔ ووٹرز اپنے نمائندوں کے انتخاب کے لیے ووٹ کاسٹ کر رہے ہیں۔
پولنگ کا عمل شام 5 بجے تک جاری رہے گا، جس کے بعد ووٹوں کی گنتی شروع کی جائے گی۔ انتخابی عمل مکمل ہونے کے بعد نتائج جاری کیے جائیں گے۔





