اسلام آباد: جڑواں شہروں کے مختلف علاقوں میں انٹرنیٹ سروس ڈاؤن ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جبکہ بعض علاقوں میں موبائل ڈیٹا اور وائی فائی سروسز بھی جزوی طور پر متاثر ہوئی ہیں۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے مطابق ایک ٹیلی کام آپریٹر کے نیٹ ورک میں آپٹیکل فائبر کیبل کٹنے کے باعث انٹرنیٹ سروس متاثر ہوئی۔ کیبل کٹنے سے چند سروس فراہم کنندگان کے نیٹ ورک میں جزوی تعطل سامنے آیا ہے۔
انٹرنیٹ سروس ڈاؤن ہونے کے باعث مختلف موبائل کمپنیوں کی انٹرنیٹ سروسز بھی متاثر ہوئیں، جن میں نیا ٹیل، پی ٹی سی ایل، جاز، یوفون اور زونگ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ایزی پیسہ، جاز کیش سمیت دیگر موبائل بینکنگ ایپس کے استعمال میں بھی صارفین کو مشکلات پیش آئیں۔
انٹرنیٹ سروس میں تعطل کے باعث مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز بھی متاثر ہوئے اور صارفین کو سوشل میڈیا سائٹس تک رسائی میں دشواری کا سامنا رہا۔
یہ بھی پڑھیں : سائبر کرائم کرنے والا کہیں بھی ہو، قانون کی گرفت میں لانا ہے، محسن نقوی
پی ٹی اے کے مطابق انٹرنیٹ سروس میں تعطل مقامی اور گردونواح کے چند علاقوں تک محدود ہے۔ ملک کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں انٹرنیٹ سروس معمول کے مطابق جاری ہے، تاہم شمالی ریجن کے کچھ علاقوں میں بھی سروس متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں۔
پی ٹی اے نے شہریوں سے کہا ہے کہ انٹرنیٹ کے جزوی تعطل پر پریشان نہ ہوں۔ تکنیکی ٹیمیں آپٹیکل فائبر کیبل کی مرمت اور متاثرہ علاقوں میں سروس کی بحالی کیلئے کام کر رہی ہیں۔
پی ٹی اے کے مطابق انٹرنیٹ سروس کی مکمل بحالی میں چند گھنٹے لگ سکتے ہیں، تاہم متاثرہ علاقوں میں سروس جلد بحال کرنے کیلئے کوششیں جاری ہیں۔





