ملاکنڈ ڈویژن تاجر برادری کا 7 اکتوبر کو چکدرہ موٹروے بند کرنے کا اعلان

شہزاد نوید
سوات: ملاکنڈ ڈویژن تاجر برادری نے مختلف ٹیکسز کے نفاذ اور ڈویژن کی آئینی و قانونی حیثیت کی بحالی کے مطالبے کے حق میں 7 اکتوبر کو چکدرہ موٹروے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کرنے کا اعلان کردیا۔

تاجر برادری ملاکنڈ ڈویژن آرگنائزنگ کمیٹی کا اہم اجلاس صدر عبدالرحیم کی زیر صدارت میرال ہوٹل چکدرہ میں ہوا، جس میں سوات ٹریڈرز فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر خالد محمود خالد سمیت دیگر تاجر رہنماؤں نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد محمود خالد نے کہا کہ ملاکنڈ ڈویژن کی آئینی و قانونی حیثیت کی بحالی اور عوام پر عائد مختلف ٹیکسز کے خلاف بھرپور جدوجہد کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ بجلی اور سوئی گیس کے بلوں میں ہزاروں روپے کے ٹیکسز کے علاوہ پراپرٹی ٹیکس، انکم ٹیکس، کسٹم ٹیکس اور جنرل سیلز ٹیکس سمیت مختلف ٹیکسز 30 جون 2026 سے ملاکنڈ ڈویژن کے عوام پر عائد کیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : سینئر صحافی عارف یوسفزئی کے بھائی خالد یوسفزئی انتقال کرگئے

تاجر رہنما کے مطابق شورش زدہ، پسماندہ، غربت زدہ اور سیلاب سے متاثرہ خطے کے عوام پر اس نوعیت کے ٹیکسز کا نفاذ قابل قبول نہیں۔

اجلاس میں سول سوسائٹی، وکلا، صحافی برادری، نجی اسکولوں اور اسپتالوں، بارگین مزدوروں و محنت کش طبقے سمیت تمام سیاسی جماعتوں کے صوبائی قائدین، ضلعی صدور اور کارکنان سے احتجاجی تحریک میں بھرپور شرکت کی اپیل کی گئی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 7 اکتوبر بروز بدھ چکدرہ موٹروے کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کیا جائے گا۔ تاجر رہنماؤں نے عوام سے اپیل کی کہ اپنے حقوق کے حصول اور ملاکنڈ ڈویژن کی آئینی و قانونی حیثیت کی بحالی کے لیے متحد ہوکر احتجاجی دھرنے میں بھرپور شرکت کریں۔

Scroll to Top