وفاقی حکومت نے خیبر پختونخوا میں حکومتی امور کی انجام دہی سے متعلق وفاقی حکمنامہ نمبر 1/2026 جاری کر دیا ہے، حکمنامہ 11 اکتوبر 2026 کو جاری کردہ آئینی اعلان کی روشنی میں جاری کیا گیا ہے۔
جاری کردہ تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا میں آئین کے آرٹیکلز 232 اور 234 کے تحت ہنگامی حالت کے اعلان کے بعد وفاقی حکومت نے یہ اقدام اٹھایا ہے۔
حکمنامے کے تحت گورنر خیبر پختونخوا وفاقی حکومت کی جانب سے صوبائی حکومت کے امور انجام دیں گے جبکہ اپنے فرائض کی انجام دہی میں انہیں ایک مشاورتی کونسل کی معاونت حاصل ہوگی۔
وفاقی حکومت نے خیبر پختونخوا کے لیے 11 رکنی مشاورتی کونسل تشکیل دے دی ہے، کونسل میں طارق محمود پاشا، ڈاکٹر عامر عبداللہ، لیفٹیننٹ جنرل (ر) نگار جوہر، ثمر بلور، ڈاکٹر سرفراز علی، عامر جاوید، ڈاکٹر ایم ارشاد، کفایت اللہ، طیب قریشی، عثمان سیف اللہ خان اور آصف رفیق شامل ہیں۔
حکمنامے کے تحت ثنا اللہ ایڈووکیٹ کو خیبر پختونخوا کا ایڈووکیٹ جنرل مقرر کیا گیا ہے۔
وفاقی حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ صوبائی حکومت کے امور آئینی دفعات اور خیبر پختونخوا گورنمنٹ رولز آف بزنس 1985 کے مطابق، حکمنامے سے ہم آہنگ انداز میں انجام دیے جائیں گے۔
وفاقی حکومت کی جانب سے جاری کردہ حکمنامہ فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔





