پشاور، سکول حادثہ، مشیر اطلاعات ثمر ہارون بلور اور مشیر صحت نگار جوہر کی متاثرین کے گھر آمد، تعزیت اور تعاون کی یقین دہانی

پشاور میں دیر کالونی اسکول کی چھت گرنے کے واقعے میں شہید ہونے والے بچوں کے اہلخانہ سے مشیر اطلاعات ثمر ہارون بلور، مشیر صحت نگار جوہر اور مشیر صنعت محمد ارشاد نے ملاقات کی اور بچوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

اس موقع پر ایڈوائزی کونسل کے اراکین نے شہید بچوں کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔

مشیر اطلاعات ثمر ہارون بلور نے کہا کہ معصوم بچوں کے معاملے میں غفلت برتنے والوں کو سزا کے بغیر نہیں چھوڑا جائے گا۔ بچوں کے ساتھ پیش آنے والے واقعات کو چند دن بعد بھلا نہیں دیا جائے گا، بلکہ ذمہ داران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ بچوں کی اموات کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہوگی اور بچوں کا خون رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔

ثمر ہارون بلور نے عوام سے اپیل کی کہ اگر کسی اسکول یا مدرسے کی عمارت خستہ حال ہو تو متعلقہ حکام کو فوری اطلاع دیں۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کی حفاظت کے لیے عوام خستہ حال تعلیمی عمارتوں کی نشاندہی میں اپنا کردار ادا کریں۔

Scroll to Top