راجن پور: راجن پور میں انڈس ہائی وے پر بنگلہ ہدایت کے قریب ایک اور ہولناک روڈ حادثہ پیش آ گیا، جہاں کراچی سے ڈیرہ غازی خان جانے والی مسافر بس بے قابو ہو کر ڈیوائیڈر سے ٹکرا کر الٹ گئی۔
اس دلخراش حادثے کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 8 افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ 32 مسافر زخمی ہو گئے۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ایمبولینسز اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور فوری طور پر ریلیف آپریشن کا آغاز کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں : گورنر راج کے بعد پشاور میں انتظامی تحرک: جمیل چوک انڈر پاس 15 نومبر کو کھولنے کا اعلان
ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں شدید زخمی ہونے والے 20 مسافروں کو فوری طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ معمولی زخمی ہونے والے 12 افراد کو جائے حادثہ پر ہی فرسٹ ایڈ (طبی امداد) فراہم کی گئی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ بس کو شدید نقصان پہنچا اور سڑک پر ٹریفک بھی عارضی طور پر معطل ہو گئی۔
انتظامیہ اور ریسکیو حکام کی جانب سے امدادی کارروائیاں مکمل کر کے روڈ کو ٹریفک کے لیے بحال کر دیا گیا ہے۔





