اسلام آباد: یومِ دفاع و شہدا کے موقع پر انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) نے جذبۂ حب الوطنی سے سرشار ولولہ انگیز قومی نغمہ ’منزل پاکستان‘ جاری کر دیا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کیے گئے نغمے میں قوم کے فولادی عزم، ثابت قدمی، قومی حوصلے اور وطن سے بے لوث محبت کے جذبات کو اجاگر کیا گیا ہے، جبکہ ترانے میں وطن عزیز کے عظیم شہدا کی لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا ہے۔
یومِ دفاع و شہدا کی مناسبت سے جاری قومی نغمے میں مسلح افواج اور عوام کے درمیان موجود اٹوٹ رشتے کو بھی بھرپور انداز میں سراہا گیا ہے۔ نغمہ اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ ملک کے دفاع، سلامتی اور خودمختاری کے لیے پوری قوم متحد اور پرعزم ہے۔
6 ستمبر یومِ دفاع و شہدا کے طور پر منایا جاتا ہے۔ یہ دن 1965 کی جنگ میں پاک فوج، فضائیہ، بحریہ اور پاکستانی قوم کی جانب سے ملکی دفاع کے لیے پیش کی جانے والی قربانیوں اور غیر معمولی عزم کی یاد تازہ کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ملک بھر میں آج یومِ دفاع و شہدا قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے
اس موقع پر ملک بھر میں شہدا اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے۔
یومِ دفاع و شہدا ہمیں ان عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جو مادرِ وطن کے دفاع اور سلامتی کے لیے دی گئیں۔ یہ دن قومی اتحاد، عزم و حوصلے اور وطن سے وفاداری کے جذبے کو مزید مضبوط کرنے کا پیغام بھی دیتا ہے۔
آئی ایس پی آر کا قومی نغمہ ’منزل پاکستان‘ ہر شہری کو اپنے عہد پر ڈٹ جانے اور وطن عزیز کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کو اپنا اولین نصب العین بنانے کا درس دیتا ہے۔
نغمہ مادرِ وطن کے لیے بے لوث محبت، جانثاری، ایثار اور وفاداری کا پیغام لیے ہوئے ہے اور قوم کو اس عزم کی تجدید کی جانب متوجہ کرتا ہے کہ پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور ترقی کے لیے ہر فرد اپنا کردار ادا کرے۔





