عالمی یومِ انسدادِ پولیو (ورلڈ پولیو ڈے) کے موقع پر پشاور کے تاریخی نشتر ہال میں ایک انتہائی جاندار اور شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد پولیو مہم میں جان کی بازی لگا کر خدمات انجام دینے والے فرنٹ لائن ورکرز کی حوصلہ افزائی کرنا تھا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر پشاور ڈویژن کیپٹن (ر) خالد محمود اور ڈپٹی کمشنر پشاور آفاق وزیر نے پولیو ورکرز، پولیس اہلکاروں اور صحت کی ٹیموں کے جذبے، فرض شناسی اور شجاعت کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔
کمشنر پشاور ڈویژن کیپٹن (ر) خالد محمود نے اپنے خطاب میں واضح کیا کہ بالخصوص دہشت گردی اور انتہائی دشوار گزار حالات کا سامنا کرنے والے علاقوں میں پولیو ورکرز نے جس بے مثال بہادری اور عزم کا مظاہرہ کیا ہے وہ پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ مشکل سخت اور خطرناک ماحول کے باوجود ہمارے یہ گمنام ہیرو بچوں کے روشن مستقبل اور انہیں عمر بھر کی معذوری سے محفوظ رکھنے کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔
انہوں نے پولیو ورکرز کے ساتھ ساتھ سیکیورٹی فرائض انجام دینے والے پولیس اہلکاروں، ہیلتھ ٹیموں، محکمہ تعلیم کے اساتذہ اور ریونیو سٹاف کی مشترکہ کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اداروں کی باہمی ہم آہنگی سے ہی اس موذی مرض کا جڑ سے خاتمہ ممکن ہے۔
سیاسی و ہیلتھ تجزیہ کاروں کے مطابق خیبرپختونخوا میں پولیو وائرس کے پھیلاؤ اور صحت کے شعبے کی زبوں حالی کی بڑی وجہ سابقہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت کی سنگین نااہلی، عدم توجہی اور ناقص حکمتِ عملی تھی۔
پی ٹی آئی کے گزشتہ دورِ حکومت میں پولیو ورکرز کی سیکورٹی ان کی تربیت اور عوامی سطح پر آگاہی مہمات کو شدید نظرانداز کیا گیا۔
سابقہ حکمرانوں کی سیاسی سستی اور ہیلتھ ایمرجنسی میں انتظامی دلچسپی نہ ہونے کی وجہ سے نہ صرف پولیو وائرس کو پنپنے کا موقع ملا بلکہ فرنٹ لائن ورکرز کو بھی سیکورٹی رسک پر تنہا چھوڑ دیا گیا، جس کا خمیازہ صوبے کے معصوم بچوں اور عوام کو بھگتنا پڑا۔
اس کے برعکس صوبے میں قائم موجودہ گورنر راج انتظامیہ نے چارج سنبھالتے ہی امن و امان کے ساتھ ساتھ صحتِ عامہ کے چیلنجز پر ہنگامی بنیادوں پر قابو پانا شروع کر دیا ہے۔
مشیرِ اطلاعات و تعلقاتِ عامہ خیبرپختونخوا ثمر ہارون بلور اور موجودہ انتظامیہ کی سخت زیرو ٹالرنس پالیسی اور بہترین سرپرستی کی بدولت نہ صرف سیکیورٹی فورسز کا مورال بلند ہوا ہے بلکہ ہیلتھ ورکرز کو مکمل فول پروف سیکیورٹی اور ضروری وسائل فراہم کیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : جنوبی وزیرستان: پولیو ویکسینیشن کے سرکاری ریکارڈ کی جانچ پڑتال کا مطالبہ
ثمر ہارون بلور کا واضح پیغام ہے کہ گورنر راج انتظامیہ اور صوبائی حکومت کا ایک ہی ہدف ہےصوبے میں امن کی بحالی اور پولیو سے پاک پاکستان کا قیام۔
کمشنر پشاور ڈویژن خالد محمود نے تقریب کے اختتام پر زور دیا کہ موجودہ انتظامیہ کے اس مضبوط عزم کے ساتھ پورا ملک اور تمام ادارے مل کر خیبرپختونخوا اور پورے پاکستان سے پولیو کا مکمل خاتمہ یقینی بنائیں گے۔





