چترال میں موسلادھار بارشوں اور برفباری سے لینڈ سلائیڈنگ، متعدد سڑکیں بند

چترال: چترال میں موسلادھار بارشوں اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے متعدد علاقوں کی سڑکیں بند ہوگئیں ہیں۔

شدید موسم کی وجہ سے سیکڑوں درخت جڑ سے اُکھڑ گئے ہیں جبکہ درجنوں کچے مکانات بھی گرنے کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

چترال میں بارش اور برفباری کے باعث بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی ہے، جس سے شہریوں کی زندگی مزید مشکلات کا شکار ہو گئی ہے۔

خراب موسم کی وجہ سے علاقائی فصلوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے، جن میں آڑو، بادام، ناشپاتی اور سیب کی فصلیں شامل ہیں، جو تباہ ہو چکی ہیں۔

ضلع چترال کے ڈپٹی کمشنر نے بھی موسم کی شدت کو مدنظر رکھتے ہوئے ضلع بھر کے تمام اسکولوں میں دو روز کی چھٹی کا اعلان کیا ہے تاکہ بچے اور عملہ محفوظ رہ سکیں۔

یہ بھی پڑھیں خیبر پختونخوا میں بارش اور برفباری ، بالائی علاقوں میں سردی بڑھنے لگی

اس کے علاوہ کوہستان اور چلاس میں بھی موسلادھار بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہ قراقرم تین مقامات سے بند ہوگئی ہے، جس سے سفر کرنے والوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

حکومت کی جانب سے امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں اور ایمرجنسی سروسز کی فراہمی کے لیے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

Scroll to Top