خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے مردان کی تحصیل کاٹلنگ میں دہشت گرد حملے میں معصوم شہریوں کی شہادت کو قابل مذمت اور افسوسناک قرار دیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا۔
وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ ماضی میں بھی اسی علاقے میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائیوں میں محسن باقر اور عباس جیسے بڑے دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا، حکام نے تصدیق کی ہے کہ ہفتے کی صبح ہونے والے آپریشن میں 12 دہشت گردوں کو مارا گیا۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگرد حملے میں عام شہریوں کی شہادتوں کے افسوسناک واقعے کی تمام پہلوؤں سے انکوائری کی جائے گی، رپورٹ سامنے آنے کے بعد حکومت واضح مؤقف اختیار کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں: ہماری نہیں تو پھر آپ کی بھی حکومت نہیں رہے گی، حنیف عباسی کا وزیراعلیٰ سندھ کو جواب
وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت شہدا کے اہلخانہ کے ساتھ دکھ کی اس گھڑی میں ساتھ کھڑی ہے اور متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت اور صوبے کے عوام صوبے سے دہشتگردوں کے خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔





