پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی اور سابق وزیراعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 46 ویں برسی آج گڑھی خدا بخش میں منائی جا رہی ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زردایر، سابق وزرائے اعظم راجہ پرویز اشرف، سید یوسف رضا گیلانی نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کی قربانیوں پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے سلسلے میں گڑھی خدا بخش میں تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، صدر آصف علی زرداری، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری اور دیگر خطاب کریں گے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا ہے شہید بھٹو ایک عظیم مدبر، جرات مند رہنما، اور عوام کے حقیقی نمائندہ تھے، شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان کو ترقی، خودمختاری اور عوامی فلاح کے راستے پر گامزن کیا۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید ذوالفقار بھٹو نے پاکستان کی معیشت، ،زراعت اور صنعت میں انقلاب برپا کیا،،محنت کش طبقے کو بااختیار بنایا اورحقوق دلائے۔
یہ بھی پڑھیں: شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 46 ویں برسی آج عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی
سابق وزیراعظم اور سپیکر راجہ پرویز پرویزاشرف نے کہا ہے شہید ذوالفقار بھٹو کے اقدامات کی بدولت تعلیم، صنعت، اور دفاعی شعبے میں نمایاں پیش رفت ہوئی،ہم شہید ذوالفقار علی بھٹو کے مشن کو جاری رکھیں گے۔
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو نے عالمی سطح پر کشمیریوں کو پہچان دی، لیبر ریفارمز ،،زرعی اصلاحات نے عام آدمی کو وقار دیا،،ہم پاکستان کی خود مختاری، جمہوریت، اور عوامی حقوق کے تحفظ کےلئے ہر ممکن اقدام کریں گے۔