آئی سی سی ویمن ورلڈ کپ میں جگہ بنانے کے مشن پر گامزن خواتین کرکٹ ٹیمیں پاکستان پہنچنا شروع ہوگئیں ہیں۔
تھائی لینڈ، بنگلہ دیش اور آئرلینڈ کی ویمن کرکٹ ٹیمیں لاہور پہنچ چکی ہیں، جہاں انہیں سخت سیکورٹی حصار میں ایئرپورٹ سے ہوٹل پہنچایا گیا۔ ٹیموں کی حرکت کے دوران روڈ پر ہر قسم کی ٹریفک کو معطل کر دیا گیا تاکہ ان کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔
آئی سی سی ویمن کوالیفائنگ راؤنڈ 9 اپریل سے شروع ہوگا، جس میں چھ ٹیمیں ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی۔ ان ٹیموں میں ویسٹ انڈیز، اسکاٹ لینڈ، آئرلینڈ، بنگلہ دیش، تھائی لینڈ اور میزبان پاکستان شامل ہیں، جو اس ایونٹ میں اپنے جتنے کی کوشش کریں گی۔
کوالیفائنگ راؤنڈ کے میچز قذافی اسٹیڈیم اور ایل سی سی اے گراونڈ میں کھیلے جائیں گے۔ ایل سی سی اے گراونڈ پہلی مرتبہ کسی آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی کر رہا ہے، جو کرکٹ کے شائقین کے لیے ایک بڑی خوشخبری ہے۔ اس ایونٹ کی ٹاپ دو ٹیمیں آئی سی سی ویمن ورلڈ کپ میں شرکت کریں گی۔
تھائی لینڈ کی ویمن کرکٹ ٹیم پہلی مرتبہ آئی سی سی ویمن کرکٹ ورلڈ کپ تک پہنچنے کی جدوجہد کا آغاز 10 اپریل کو کرے گی۔ ایونٹ کا فائنل 19 اپریل کو قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تیسرا ون ڈے میچ آج کھیلا جائے گا
یہ ایونٹ خواتین کرکٹ کے عالمی سطح پر بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کا گواہ ہوگا اور پاکستان میں کرکٹ کے شائقین کے لیے ایک بڑی کرکٹ محفل سجے گی۔





