بھارت کے سابق بین الاقوامی امپائر وی وکرم راجو انتقال کر گئے

بنگلورو: بھارت کے سابق بین الاقوامی کرکٹ امپائر وی وکرم راجو 92 برس کی عمر میں انتقال کر گئے، ان کے انتقال سے کرکٹ حلقوں میں سوگ کی فضا پھیل گئی۔

کرناٹکا اسٹیٹ کرکٹ ایسوسی ایشن (کے ایس سی اے) کے مطابق وی وکرم راجو نے اتوار کے روز بنگلورو میں آخری سانس لی۔ ان کے انتقال پر کرکٹ سے وابستہ شخصیات اور شائقین نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ان کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

وکرم راجو کا شمار بھارت کے تجربہ کار اور باوقار امپائرز میں ہوتا تھا۔ انہوں نے اپنے کیریئر کے دوران 2 ٹیسٹ میچز، 5 ایک روزہ بین الاقوامی میچز اور 42 فرسٹ کلاس مقابلوں میں امپائرنگ کے فرائض انجام دیے۔

انہیں سب سے زیادہ شہرت 1986 میں بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان چنئی میں کھیلے گئے تاریخی ٹائیڈ ٹیسٹ کے باعث ملی، جو کرکٹ تاریخ کے یادگار ترین مقابلوں میں شمار ہوتا ہے۔ ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم میں کھیلا گیا یہ میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد برابر ختم ہوا تھا۔

اس میچ میں بھارت کو جیت کیلئے 348 رنز درکار تھے، تاہم میزبان ٹیم 347 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ میچ کا فیصلہ کن لمحہ اس وقت آیا جب وکرم راجو نے بھارتی بیٹر منیندر سنگھ کو آسٹریلوی اسپنر گریگ میتھیوز کی گیند پر ایل بی ڈبلیو قرار دیا، جس کے بعد میچ برابر ہوگیا۔

یہ بھی پڑھیں : بھارت نے ٹیسٹ میچ میں افغانستان کو ایک اننگز اور 300 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی

اس فیصلے پر اس وقت خاصی بحث ہوئی تھی اور وکرم راجو کو تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا، تاہم یہ واقعہ بعد ازاں کرکٹ کی تاریخ کے مشہور ترین لمحات میں شامل ہوگیا۔ اس تاریخی میچ میں ان کے ساتھ دارا دوٹی والا بھی آن فیلڈ امپائر تھے۔

کرناٹکا اسٹیٹ کرکٹ ایسوسی ایشن نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ وکرم راجو نے دیانت داری، وقار اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ طویل عرصے تک کرکٹ کی خدمت کی اور ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

امپائرنگ سے ریٹائرمنٹ کے بعد بھی وہ کرکٹ سے جڑے رہے اور مختلف فرسٹ کلاس مقابلوں سمیت کرناٹکا پریمیئر لیگ میں بطور میچ ریفری ذمہ داریاں انجام دیتے رہے۔

وکرم راجو کے انتقال کو بھارتی کرکٹ کیلئے ایک بڑا نقصان قرار دیا جا رہا ہے اور کرکٹ حلقوں نے ان کی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

Scroll to Top