نئی چندی گڑھ: بھارت نے واحد ٹیسٹ میچ میں افغانستان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد ایک اننگز اور 300 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے دی، میچ تیسرے روز ہی ختم ہوگیا۔
مہاراجہ یادویندر سنگھ انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں بھارت نے بیٹنگ اور بولنگ دونوں شعبوں میں مکمل غلبہ دکھاتے ہوئے افغانستان کو سنبھلنے کا کوئی موقع نہ دیا۔
بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8 وکٹوں کے نقصان پر 564 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کی۔ بھارتی بیٹنگ لائن کی جانب سے شبمن گل نے شاندار 126 رنز اسکور کیے جبکہ کے ایل راہول نے 165 گیندوں پر 100 رنز کی اننگز کھیلی۔ سائی سدھرسن اور رشبھ پنت نے بھی 81، 81 رنز بنا کر ٹیم کو مضبوط مجموعے تک پہنچایا۔
جواب میں افغانستان کی ٹیم پہلی اننگز میں صرف 152 رنز پر ڈھیر ہوگئی، جس کے بعد بھارت نے 412 رنز کی برتری کے ساتھ فالو آن نافذ کیا۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستانی طلبہ کیلئے امریکا میں اسکالرشپ کا بڑا اعلان
افغانستان کی بیٹنگ لائن دوسری اننگز میں بھی بھارتی بولرز کے سامنے بے بس نظر آئی اور پوری ٹیم 112 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
بھارت کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے مانوو سُتھار نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 6 وکٹیں حاصل کیں، پرسدھ کرشنا نے 3 جبکہ واشنگٹن سندر نے ایک وکٹ حاصل کی۔ دوسری اننگز میں سندر نے 4 وکٹیں جبکہ کلدیپ یادیو نے 3 وکٹیں اپنے نام کیں، جبکہ سُتھار، محمد سراج اور پرسدھ کرشنا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
یوں بھارت نے واحد ٹیسٹ میچ میں افغانستان کو ایک اننگز اور 300 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی۔





