سوات: ایف آئی اے کی کارروائی، ہنڈی حوالہ میں ملوث تین ملزمان گرفتار، کروڑوں روپے برآمد

سوات: وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے سوات میں غیر قانونی ہنڈی حوالہ کے کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

ایف آئی اے ذرائع کے مطابق یہ کارروائی خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کی گئی، جس کے دوران ملزمان کے قبضے سے چھ کروڑ روپے سے زائد کی رقم برآمد کی گئی ہے۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق یہ خطیر رقم غیر قانونی طریقے سے بیرون ملک منتقل کرنے کی تیاری کی جا رہی تھی۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی ملک میں دہشت گردی کی مالی معاونت اور منی لانڈرنگ کے خلاف جاری مہم کا حصہ ہے، جس کا مقصد غیر قانونی مالی نیٹ ورکس کو ختم کرنا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے کی ٹیم نے گرفتار ملزمان کے نیٹ ورک کے خلاف مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے، تاکہ اس نیٹ ورک کے دیگر ارکان کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: سوشل میڈیا کا مبینہ غلط استعمال، ایف آئی اے نے پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ کو طلب لیا

ایف آئی اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسے کسی بھی غیر قانونی کاروبار یا مشکوک مالی سرگرمیوں کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دیں، تاکہ اس ناسور کے خلاف موثر کارروائی جاری رکھی جا سکے۔

گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں، اور انہیں جلد عدالت میں پیش کیا جائے گا تاکہ قانون کے مطابق ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

Scroll to Top