Khyber Pakhtunkhwa Assembly

پشاور: خیبرپختونخوا اسمبلی ملازمین کی ڈگریوں کی تصدیق کا عمل شروع

پشاور: خیبرپختونخوا اسمبلی نے ملازمین کی تعلیمی اسناد کی باضابطہ تصدیق کا بڑے پیمانے پر آغاز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں اسمبلی میں ایک گرینڈ اجلاس منعقد کیا گیا جس میں صوبے کی تمام جامعات اور تعلیمی بورڈز کے سربراہان کو مدعو کیا گیا۔

اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی نے بتایا کہ تمام تعلیمی اسناد براہ راست متعلقہ جامعات اور بورڈز کے سربراہان کو دی گئی ہیں تاکہ اس عمل کی شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ڈگری تصدیق کا عمل تعلیمی اداروں کے سربراہان کی نگرانی میں مکمل طور پر شفاف طریقے سے ہوگا۔

اسپیکر نے واضح کیا کہ ٹیمپرنگ، جعلسازی اور بیک ڈور ڈیلز کی مکمل روک تھام کی جائے گی، اور جعلی ڈگری رکھنے والوں کی نشاندہی کر کے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اسمبلی کو شفاف، میرٹ پر مبنی اور قابلِ اعتماد ادارہ بنایا جا رہا ہے۔

بابر سلیم سواتی نے کہا کہ ادارہ جاتی اصلاحات اور احتساب ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پشاور یونیورسٹی اور پشاور بورڈ کو پہلے مرحلے میں اسناد فراہم کی جا چکی تھیں، جبکہ آج کا اجلاس ڈگری تصدیق کے دوسرے اور اہم مرحلے کی کڑی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوامی مفاد کے ہر کام میں حکومت اور اپوزیشن کو برابر شریک کیا جاتا ہے، اور خیبرپختونخوا اسمبلی قائد عمران خان کے وژن کے مطابق جمہوریت اور اداروں کو مضبوط بنا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا کے اراکین اسمبلی کو مائنز اینڈ منرل بل پر بریفنگ دینے کا فیصلہ

اسپیکر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اسمبلی سیکریٹریٹ میں صرف قابل، دیانتدار اور اہل افراد کا قیام یقینی بنایا جائے گا، اور خیبرپختونخوا اسمبلی کو دیگر اداروں کے لیے ماڈل بنایا جائے گا۔
مزید برآں، انہوں نے بتایا کہ قانون سازی میں عوامی شرکت کو یقینی بنانے کے لیے اسمبلی کی ویب سائٹ پر پبلک فیڈبیک فیچر شامل کیا جا رہا ہے تاکہ عوامی رائے کو شامل کیا جا سکے۔
یہ اقدامات اسمبلی کو ایک جدید، شفاف اور فعال ادارہ بنانے کی جانب اہم پیش رفت کی نمائندگی کرتے ہیں۔

Scroll to Top