پاکستان سپر لیگ، اسلام آباد نے ملتان سلطان کو47 رنز سے شکست دیدی

راولپنڈی: ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 10 کے ساتویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو 47 رنز سے شکست دے کر مسلسل تیسری کامیابی حاصل کر لی اور پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست آ گئی۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 203 رنز کا بڑا ہدف دے دیا۔

اسلام آباد کی جانب سے اوپنرز نے ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کیا۔ صاحبزادہ فرحان نے عمدہ نصف سنچری اسکور کی جبکہ کولن منرو 48 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ اننگز کے آخری اوورز میں حیدر علی اور جیسن ہولڈر نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، حیدر علی نے 33 جبکہ ہولڈر نے 32 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔

ملتان کی جانب سے کرس جورڈن نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ولی، حسنین، عبید اور اسامہ میر نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین بھیجا۔

جواب میں ملتان سلطانز کی ٹیم 18.4 اوورز میں 155 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ کپتان محمد رضوان 38، عثمان خان 31 اور افتخار احمد 32 رنز بنا سکے تاہم دیگر بلے باز ناکام ثابت ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں پی ایس ایل 10 کی افتتاحی تقریب راولپنڈی اسٹیڈیم میں جاری

اسلام آباد یونائیٹڈ کے جیسن ہولڈر نے شاندار آل راؤنڈ پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ عماد وسیم نے بھی 2 وکٹیں اپنے نام کیں۔

اس فتح کے ساتھ ہی اسلام آباد یونائیٹڈ نے پی ایس ایل 10 میں اپنی تیسری کامیابی حاصل کرتے ہوئے پوائنٹس ٹیبل پر 6 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن سنبھال لی ہے۔ دوسری جانب ملتان سلطانز تاحال ایونٹ میں کامیابی سے محروم ہے۔

Scroll to Top