وزیراعظم اور صدر مملکت کی قومی کرکٹ ٹیم کو شاندار کامیابی پر مبارکباد کا پیغام!

— سہ ملکی ون ڈے سیریز میں انگلینڈ کے خلاف ایک وکٹ سے حاصل ہونے والی اس سنسنی خیز اور تاریخی کامیابی پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے قومی کرکٹ ٹیم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے آخری لمحے تک جاری رہنے والے اس سنسنی خیز مقابلے میں ایک وکٹ سے فتح حاصل کرنے پر قومی کرکٹ ٹیم کی شاندار کارکردگی کو بھرپور انداز میں سراہا۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ کھلاڑیوں نے انتہائی مشکل حالات میں عزم، بلند حوصلے اور بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو ایک یادگار فتح سے ہمکنار کیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ٹیم کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ میدان میں دکھایا گیا ہر رن، گرائی جانے والی ہر وکٹ اور پکڑا جانے والا ہر کیچ قومی ٹیم کے جذبے، اعلیٰ نظم و ضبط اور صلاحیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

وزیراعظم نے خاص طور پر شاداب خان اورحارث رؤف کی شاندار شراکت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس جوڑی نے ہارتی ہوئی بازی کا پانسہ پلٹ کر رکھ دیا۔

شاداب خان کی جرأت مندانہ اور شاندار سنچری نے پاکستان کی اس ناممکن نظر آنے والی فتح میں سب سے اہم کردار ادا کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں موجود کرکٹ شائقین کا جوش و خروش اور گونجتی ہوئی آوازیں پوری قوم کی آواز بن گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : انگلینڈ کیخلاف شاندار فتح ، شاداب اور حارث نے 51 سالہ عالمی ریکارڈ توڑ ڈالا!

قومی ٹیم کی اس غیر معمولی کامیابی نے لاکھوں پاکستانیوں کے دل خوشی سے بھر دیے ہیں۔

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی اور پوری ٹیم کی انتھک کاوشیں اور محنت بے حد قابلِ تحسین ہے۔

Scroll to Top