پی ٹی اے کا سوشل میڈیا پر ریاست مخالف مہم چلانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ریاست مخالف مہم چلانے والے افراد اور گروہوں کے خلاف بڑے کریک ڈاؤن کا آغاز کردیا ہے۔

ترجمان پی ٹی اے کے مطابق ٹک ٹاک پر انتہا پسند ایجنڈے کی تشہیر کرنے والی 13 ہزار سے زائد ویڈیوز بلاک کی گئی ہیں۔

پی ٹی اے نے کالعدم تنظیموں سے منسلک 3 ہزار 941 ٹک ٹاک یو آر ایل بھی بلاک کیے ہیں۔ اس کے علاوہ سیکیورٹی اداروں کے خلاف مواد پر مشتمل مزید 13 ہزار 17 ویڈیوز کو ہٹایا گیا ہے۔

جعفر ایکسپریس سانحے کے بعد پی ٹی اے نے فیس بک، یوٹیوب اور ٹک ٹاک سمیت تمام بڑے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے رابطہ کیا اور انہیں جعلی خبروں کے پھیلاؤ کے خلاف موثر اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ پی ٹی اے نے ان پلیٹ فارمز کو ریاست مخالف مواد کی اطلاع دی ہے اور جعفر ایکسپریس حملے کے بعد پروپیگنڈے میں ملوث 1342 یو آر ایل کی نشاندہی کی ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) سے متعلق مواد پھیلانے والے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی نشاندہی کی گئی ہے۔ 11 مارچ سے 28 مارچ تک پی ٹی اے نے سوشل میڈیا پر ریاست مخالف مواد کی فعال نگرانی کی۔

سیکورٹی ایجنسیوں کی شکایات کے جواب میں اس طرح کے مواد کی شناخت اور بلاک کرنے کا عمل جاری ہے۔ اب تک 113,000 سے زیادہ ریاست مخالف یو آر ایل بلاک کیے جا چکے ہیں۔

Scroll to Top