ایسی ایپ جو کبوتر کی رفتار سے پیغام رسانی کرے، نوجوانوں میں بے حد مقبول ہوگئی

یز رفتار ڈیجیٹل دور میں جہاں پیغامات چند سیکنڈز میں دنیا کے ایک کونے سے دوسرے کونے تک پہنچ جاتے ہیں، وہیں ایک نئی میسجنگ ایپ نے سست رفتار رابطے کا منفرد تصور متعارف کراکے نوجوانوں کی توجہ حاصل کرلی ہے۔

رُوسٹ نامی یہ ایپ آئی او ایس اور اینڈرائیڈ صارفین کے لیے دستیاب ہے، جس کے ذریعے دوستوں اور عزیزوں کو پیغامات بھیجے جاسکتے ہیں، تاہم پیغام فوری طور پر موصول نہیں ہوتا۔ صارف اپنی پسند کے پرندے یا جانور کا انتخاب کرتا ہے اور پیغام اسی کی رفتار کے مطابق اپنی منزل تک پہنچتا ہے۔

رواں برس اپریل میں لانچ ہونے والی رُوسٹ نے مختصر عرصے میں عالمی سطح پر مقبولیت حاصل کی۔ ایپ کے خالق لوگن مینڈلسون کے مطابق 18 اگست تک رُوسٹ کے صارفین کی تعداد 7 لاکھ سے تجاوز کرچکی تھی۔

ماہرین کے مطابق ایپ کی مقبولیت کو نوجوانوں میں ٹیکنالوجی سے وقفہ لینے اور نسبتاً سست رفتار طرز زندگی اختیار کرنے کے بڑھتے ہوئے رجحان سے جوڑا جارہا ہے۔ مسلسل اسکرولنگ اور ہر وقت آن لائن رہنے سے اکتائے بعض نوجوان اب سادہ موبائل فونز، فون سے پاک تقریبات اور اسکرین سے دور سرگرمیوں کو ترجیح دے رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی اے نے وٹس ایپ صارفین کو خبر دار کردیا

رُوسٹ اسی رجحان کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری رابطے کے بجائے انتظار، صبر اور منفرد ڈیجیٹل تجربے پر توجہ مرکوز کرتی ہے، جہاں پیغام بھیجنے کا عمل خود ایک تجربہ بن جاتا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اپریل میں سافٹ ویئر ڈویلپر نوح ایروبینو نے بھی ’’کیریئر پِج‘‘ نامی ملتی جلتی ایپ متعارف کرائی۔ یوں فوری پیغام رسانی کے دور میں سست رفتار رابطے کا یہ تصور نوجوانوں کے لیے ایک نیا اور دلچسپ تجربہ بن کر سامنے آیا ہے۔

Scroll to Top