خیبرپختونخوا میں انسداد پولیو مہم کا باضابطہ آغاز ہوگیا، مہم کے دوران5 سال سے کم عمر کے 65 لاکھ 30ہزاربچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔
مشیر صحت احتشام علی اور وزیر برائے پبلک ہیلتھ پختون یار نے پولیس سروسز ہسپتال میں انسداد پولیو مہم کا افتتاح کیا، چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ اور سیکرٹری ہیلتھ شاہداللہ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر مہم کا باقاعدہ آغاز کیا۔
مشیر صحت احتشام علی کا کہنا ہے کہ یہ پولیو مہم صوبے کے 36 اضلاع میں پانچ دن جاری رہے گی جبکہ پشاور اور خیبر اضلاع میں یہ مہم سات دن تک جاری رہے گی۔ مہم کے دوران65 لاکھ 30 ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے صوبہ بھر میں 35 ہزار 500 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو گھر گھر جا کر بچوں کو قطرے پلائیں گی، جنوبی وزیرستان اپر اور لوئر میں دو سال بعد پولیو مہم چلائی جا رہی ہے۔
چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ نے اپیل کی ہے کہ والدین انسداد پولیو مہم میں حکومت کا ساتھ دیں کیوں کہ پولیو کا معاملہ صرف سیکیورٹی کا نہیں بلکہ یہ صحت کا مسئلہ ہے
انہوں نے کہا کہ مہم کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے پولیو اہلکاروں کی حفاظت کے لیے 50 ہزار سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت کے ہاتھ میں کچھ نہیں، جن کے پاس اختیار ہے ان سے مذاکرات کریں گے، شوکت یوسفزئی
سیکرٹری ہیلتھ شاہداللہ نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیو کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور والدین کو چاہیے کہ وہ ٹیموں سے تعاون کرتے ہوئے بچوں کو پولیو سے محفوظ رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔