شفا ہسپتال کے باہر سیکیورٹی صورتحال کے باعث عمران خان کو پمز منتقل کیا گیا، طبی معائنے کے دوران انکی بہن عظمیٰ خان بھی ساتھ موجود رہیں، طارق فضل چودھری

وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چودھری نے کہا ہے کہ شفا انٹرنیشنل ہسپتال کے باہر غیر معمولی رش اور سکیورٹی صورتحال کے باعث بانی پی ٹی آئی کو پمز ہسپتال منتقل کیا گیا، ماہرین کی زیر نگرانی ان کا طبی معائنہ، تشخیص اور علاج کیا گیا۔

طارق فضل چودھری کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے طبی معائنے اور تشخیصی مراحل کے دوران ان کی ہمشیرہ عظمیٰ خان بھی ساتھ موجود رہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ماہر ڈاکٹروں پر مشتمل میڈیکل بورڈ نے تفصیلی معائنے کے بعد بانی پی ٹی آئی کی طبی حالت کو مستحکم قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ شفا انٹرنیشنل ہسپتال کے باہر غیر معمولی رش اور سکیورٹی صورتحال کے باعث بانی پی ٹی آئی کو پمز منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کا پمز میں طبی معائنہ کرایا گیا، میڈیکل بورڈ نے صحت مند قرار دے دیا، وزیر اطلاعات عطا تارڑ

طارق فضل چودھری نے بعض وزرا کے رویے پر بھی تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بعض وزرا کے غیر ذمہ دارانہ رویے کی وجہ سے حکومت کو سبکی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ وزیراعظم سے ایسے وزرا کے خلاف کارروائی کی سفارش کریں گے، بعض وزرا اپنے ایجنڈے سے آگے بھی نہیں کرتے، جس سے حکومتی سطح پر مشکلات پیدا ہوتی ہیں۔

Scroll to Top