اگر آپ بھی بڑھتی عمر میں جوان نظر آنا چاہتے ہیں؟ یہ آسان طریقے آزمائیں

عمر بڑھنے کے ساتھ جلد پر جھریاں، باریک لکیریں اور خشکی نمایاں ہونا فطری عمل ہے، تاہم مناسب دیکھ بھال، متوازن غذا اور صحت مند طرزِ زندگی کے ذریعے مرد اپنی شخصیت کو زیادہ تروتازہ اور جوان رکھنے میں مدد حاصل کرسکتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق جلد کی مضبوطی اور لچک برقرار رکھنے میں کولیجن اور ایلاسٹین اہم کردار ادا کرتے ہیں، لیکن عمر کے ساتھ ان کی پیداوار کم ہونے لگتی ہے، نتیجتاً وقت گزرنے کے ساتھ جلد پر عمر کے آثار نمایاں ہونا شروع ہوجاتے ہیں۔

بہت گرم پانی سے پرہیز کریں

بہت زیادہ گرم پانی جلد کے قدرتی تیل کو ختم کرسکتا ہے، جس سے جلد خشک اور بے رونق ہوسکتی ہے، چہرہ دھوتے یا نہاتے وقت نیم گرم پانی کا استعمال جلد کی قدرتی نمی برقرار رکھنے میں مددگار ہوسکتا ہے۔

شاور کا دورانیہ مختصر رکھیں

زیادہ دیر تک پانی میں رہنے، خصوصاً گرم پانی سے نہانے کی عادت جلد کی خشکی میں اضافہ کرسکتی ہے، بہتر ہے کہ شاور کا دورانیہ مختصر رکھا جائے تاکہ جلد کی قدرتی نمی متاثر نہ ہو۔

مناسب کلینزر کا استعمال کریں

چہرے کی جلد کے لیے ایسا کلینزر استعمال کریں جو آپ کی جلد کی نوعیت کے مطابق ہو، سخت صابن جلد کو خشک اور حساس بناسکتے ہیں، اس لیے چہرے کی صفائی کے لیے موزوں مصنوعات کا انتخاب ضروری ہے۔

موئسچرائزر کو معمول بنائیں

جلد کو نم رکھنے کے لیے موئسچرائزر کا استعمال نہایت اہم ہے۔ صبح اور رات موئسچرائزر لگانے سے جلد کی نمی برقرار رکھنے میں مدد مل سکتی ہے جبکہ خشکی کے باعث نمایاں ہونے والی باریک لکیریں بھی کم دکھائی دے سکتی ہیں۔

مردہ خلیات کی صفائی

ہفتے میں ایک یا دو مرتبہ مناسب ایکسفولی ایٹر کے استعمال سے مردہ جلدی خلیات صاف کرنے میں مدد مل سکتی ہے، جس سے جلد زیادہ ہموار اور شاداب نظر آتی ہے، تاہم ضرورت سے زیادہ ایکسفولی ایٹنگ جلد میں جلن اور حساسیت پیدا کرسکتی ہے۔

آنکھوں کے گرد جلد کا خیال رکھیں

آنکھوں کے گرد جلد نسبتاً نازک ہوتی ہے اور عمر کے آثار یہاں جلد نمایاں ہوسکتے ہیں، اس حصے کو مناسب طور پر موئسچرائز کرنا اور ضرورت کے مطابق آئی کریم استعمال کرنا جلد کی دیکھ بھال کے معمول کا حصہ بنایا جاسکتا ہے۔

ورزش بھی ضروری ہے

جوان اور تروتازہ نظر آنے کے لیے صرف جلد کی دیکھ بھال کافی نہیں، باقاعدہ ورزش جسمانی صحت اور فٹنس بہتر بنانے کے ساتھ مجموعی شخصیت پر بھی مثبت اثر ڈالتی ہے۔ اپنی صحت اور جسمانی صلاحیت کے مطابق ہفتے میں کئی دن ورزش کو معمول بنایا جاسکتا ہے۔

غذا اور پانی کا خیال رکھیں

جلد کی صحت کا تعلق مجموعی طرزِ زندگی سے بھی ہے، متوازن غذا، مناسب نیند اور پانی کا مناسب استعمال جسم اور جلد دونوں کے لیے فائدہ مند ہوسکتا ہے، تازہ پھلوں اور سبزیوں کو غذا کا حصہ بنانا جبکہ تلی ہوئی اشیا، ضرورت سے زیادہ چکنائی، میٹھے مشروبات اور جنک فوڈ کا استعمال محدود رکھنا بہتر ہے۔

یاد رہے کہ عمر بڑھنے کے عمل کو روکا نہیں جاسکتا، تاہم صحت مند عادات، مناسب جلدی نگہداشت، متوازن غذا، ورزش اور اچھی نیند کے ذریعے بڑھتی عمر میں بھی شخصیت کو صحت مند، تروتازہ اور پُرکشش رکھا جاسکتا ہے۔

Scroll to Top