وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کو 20 اور 21 اگست کی درمیانی شب مناسب حفاظتی انتظامات کے تحت ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ماہرِ امراضِ چشم، ماہرِ امراضِ قلب اور فزیشن سمیت مستند ڈاکٹروں کی ٹیم نے ان کا تفصیلی طبی معائنہ کیا۔
عطا اللہ تارڑ کے مطابق ڈاکٹروں نے طبی معائنے کے بعد عمران خان کو طبی طور پر صحت مند قرار دیا۔ ان کی ہمشیرہ محترمہ عظمیٰ خان بھی طبی معائنے اور علاج کے تمام مراحل کے دوران موجود رہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ طبی معائنہ اور دیگر تمام مراحل مکمل ہونے کے بعد عمران خان کو 21 اگست کی صبح تقریباً 5 بجے اڈیالہ جیل واپس منتقل کر دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان شفا انٹرنیشنل منتقل، حکومت نے عدالتی حکم پر عمل کر دیا، سہیل آفریدی کی احتجاجی کال بے معنی ہوگئی
عطا تارڑ نے اس سے قبل بھی کہا تھا کہ ہر قیدی کو آئین اور قانون کے مطابق طبی سہولیات کی فراہمی بنیادی حق ہے اور بانی پی ٹی آئی کو جیل مینوئل کے مطابق علاج کی سہولیات فراہم کی جاتی رہیں گی۔





