کرم میں امن و امان کی بحالی کے لیے درخواست پر سماعت، وفاقی و صوبائی حکومت کو نوٹس جاری

کرم میں امن و امان کی بحالی کے لیے درخواست پر سماعت، وفاقی و صوبائی حکومت کو نوٹس جاری

پشاورہائیکورٹ نے ضلع کرم میں امن وامان سے متعلق درخواست پر سماعت کے دوران وفاقی اور صوبائی حکومت سے جواب طلب کرلیا۔

ضلع کرم میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے دائر کی گئی درخواست پر سماعت آج پشاور ہائی کورٹ میں ہوئی، درخواست کی سماعت جسٹس وقار احمد اور جسٹس ڈاکٹر خورشید اقبال پر مشتمل بنچ نے کی۔

وکیل درخواستگزار تانیہ مصطفیٰ نے عدالت کو آگاہ کیا کہ کرم میں امن و امان کی صورتحال ابھی تک بہتر نہیں ہو سکی اور عوام کو سڑکوں پر سفر کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، انہوں نے عدالت سے درخواست کی کہ حکومت کو احکامات جاری کیے جائیں تاکہ امن و امان کی بحالی کے لیے فوری اقدامات اٹھائے جائیں۔

وکیل حضرت بلال بونیری نے عدالت کو بتایا کہ کرم میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال سے عوام میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے اس سلسلے میں حکومت کو فوراً اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس گاڑی پر فائرنگ، گورنر خیبرپختونخوا نے رپورٹ طلب کرلی

عدالت نے وفاقی اور صوبائی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر ان سے جواب طلب کر لیا ہے۔ سماعت کے دوران عدالت نے اس بات کا بھی نوٹس لیا کہ کرم میں سڑکوں پر سفر کرنا اب بھی خطرے سے خالی نہیں ہے۔

پشاور ہائیکورٹ نے فریقین سے آئندہ سماعت پر جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔

Scroll to Top