پاکستان کیلئے ایک اور اعزاز،آذان علی خان نے آسٹریلین جونیئر سکواش چیمپئن شپ 2025 جیت لی

پاکستان کیلئے ایک اور اعزاز،آذان علی خان نے آسٹریلین جونیئر سکواش چیمپئن شپ 2025 جیت لی

پاکستان کے ابھرتے ہوئے سکواش سٹار آذان علی خان نے آسٹریلین جونیئر سکواش چیمپئن شپ 2025 جیت کر ایک اور تاریخی کامیابی اپنے نام کر لی ہے۔

آسٹریلیا کے شہر میلبرن میں سکواش ٹورنامنٹ کے فائنل میں آذان علی خان نے میزبان آسٹریلین کھلاڑی کو ہرا کر پاکستان کا نام ایک بار پھر عالمی سطح پر روشن کر دیا۔

سکواش چیمپئن شپ 13 سے 17 اپریل تک میلبرن سپورٹس اینڈ ایکواٹک سینٹر میں ہوئی جس میں 11 مختلف ممالک کے 64 کھلاڑیوں نے شرکت کی۔

ٹورنامنٹ میں انڈر 11، 13، 15، 17 اور 19 کی عمر کیٹیگریز میں مرد و خواتین کھلاڑیوں کے درمیان دلچسپ مقابلے ہوئے اور چھ مختلف ممالک کے کھلاڑیوں نے مختلف کیٹیگریز میں ٹائٹل اپنے نام کیے۔

پاکستانی سکواش پلیئر آذان علی خان نے اپنی فتح پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ جیت میرے وطن پاکستان، ان بچوں، اور ان خوابوں کے نام ہے جو وسائل کی کمی کے باوجود ہار نہیں مانتے، پاکستانی بچے بے حد باصلاحیت ہیں انہیں صرف تھوڑی رہنمائی اور حوصلے کی ضرورت ہے۔

آذان علی کان کی اس کامیابی کے پیچھے پرائم منسٹر یوتھ پروگرام اور فلاحی ادارہ مسلم ہینڈز کا بھرپور کردار رہا  جنہوں نے ان کی تربیت، سفری اخراجات اور بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کے لیے مکمل معاونت فراہم کی۔

آذان علی خان اس سے پہلے سکاٹش جونیئر اوپن سکواش چیمپئن شپ کے فاتح بھی رہ چکے ہیں، انہوں نے برمنگھم جونیئر سکواش چیمپئن شپ میں بھی نمایاں کارکردگی دکھائی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: رواں سال سرکاری سکیم کے تحت 89ہزار عازمین حج کا فریضہ ادا کریں گے، سردار محمد یوسف

مسلم ہینڈز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر، سید جاوید گیلانی کا کہنا ہے کہ ہم کھیل کے ذریعے پاکستان کے بچوں کو نہ صرف مواقع دینا چاہتے ہیں بلکہ ان کا مستقبل بھی سنوارنا چاہتے ہیں، مسلم ہینڈز ہمیشہ تعلیم، تربیت اور کھیل کے میدان میں نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرتا رہے گا۔

Scroll to Top