خیبرپختونخوا میں تیز آندھی، بارش اور ژالہ باری، آسمانی بجلی گرنے سے 8 افراد زخمی

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں تیز آندھی، موسلا دھار بارش اور ژالہ باری کے باعث نظامِ زندگی متاثر ہوگیا، جب کہ چارسدہ میں آسمانی بجلی گرنے سے 8 افراد زخمی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق صوبے کے مختلف علاقوں میں شدید موسم نے گندم کی فصلوں اور پھلوں کے باغات کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ چارسدہ کے مندنی بازار میں تیز آندھی اور طوفان کے باعث ایک موبائل ٹاور گر گیا، جبکہ تنگی کے علاقے میں آسمانی بجلی گرنے سے 8 افراد زخمی ہوئے۔

مانسہرہ اور گرد و نواح میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہوگیا، تاہم ندی نالوں میں طغیانی آگئی ہے۔ سیاحتی مقامات جیسے وادی ناران، شوگراں اور بابو سر ٹاپ پر بارش کے بعد سیاحوں کے لیے وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔

ہری پور شہر اور اس کے گرد و نواح میں بھی گرج چمک، تیز ہواؤں اور موسلا دھار بارش نے گرمی کا زور توڑ دیا، تاہم بارش اور آندھی کے باعث بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا، جس سے شہر میں بجلی کا بریک ڈاؤن شروع ہو گیا ہے۔

ضلع دیر کے مختلف علاقوں میں بھی بارش نے موسم کو خوشگوار بنا دیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ آئندہ دو روز تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد کے بعد لنڈی کوتل میں بھی طوفانی بارش اور ژالہ باری، گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے

Scroll to Top