صوبائی حکومت کی 12 سالہ کارکردگی نے خیبر پختونخوا کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے اور وہ خود اپنی سیاست سے نالاں نظر آتی ہے
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات ارباب خضرحیات نے کہاہے کہ مائنز اینڈ منرلز بل منظور ہوکر رہے گا، کوئی اسے روک نہیں سکتا کیونکہ یہ صوبے اور ملک کے مفاد میں ہے، ہم اس بل کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور اس پر ڈٹ کر کھڑے ہیں،موجودہ صوبائی حکومت کی 12 سالہ کارکردگی نے خیبر پختونخوا کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے، اور وہ خود اپنی سیاست سے نالاں نظر آتی ہے۔
انہوں نے تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف(پی ٹی آئی) عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہی ہے، عمران خان کے دور حکومت میں 190 ملین پاؤنڈ کی منظوری دی گئی تھی جس کا بعد میں اعتراف خود وزیروں نے یوں کیا کہ ہمیں بند لفافے دیے گئے اور ہم نے بغیر پڑھے دستخط کر دیئے،یہ افسوسناک ہے کہ جن وزراء نے اس وقت بل پر دستخط کیے آج وہ اس سے لاعلمی کا اظہار کر رہے ہیں۔تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کو خود معلوم نہیں کہ بل میں کیا ہے اور یہ سب صوبے کے ساتھ زیادتی کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ بل خیبر پختونخوا کی کابینہ سے منظور ہوا تھا، اور جب وفاق سے واپس آیا تو اچانک اس پر احتجاج شروع ہو گیا،صوبائی حکومت اس بل کی مخالفت کیسے کر سکتی ہےجبکہ اسی حکومت نے یہ بل منظور کیا تھا۔
انہوں نے کہاکہ مائنز اینڈ منرلزبل حالیہ دنوں میں خیبر پختونخوا کی سیاست میں ایک نکتہ ارتکاز بن گیا ہے،صوبائی حکومت کو اپنے متضاد بیانات اور نااہلی پر مستعفی ہو جانا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہاکہ تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے اس مؤقف کو بھی مسترد کرتے ہیں کہ مائنز اینڈ منرلز بل کی مخالفت دراصل عمران خان کی رہائی سے جڑی ہوئی ہے۔ ان کے مطابق صوبے کے مفاد کا عمران خان کی رہائی سے کوئی تعلق نہیں،عمران خان اپنے جرائم کی سزا بھگت رہا ہے۔