پاکستان تحریک انصاف سینئر رہنما عمر ایوب نے پارٹی میں فارورڈ بلاک بننے کی افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی میں کسی بھی قسم کا فارورڈ بلاک نہیں بنے گا، انہوں نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی اپنی قیادت اور اصولوں پر مضبوطی سے قائم ہے اور اس قسم کی افواہیں بے بنیاد ہیں۔
عمر ایوب نے کہا کہ پارٹی کی قیادت کے خلاف جھوٹے مقدمات بنائے گئے ہیں اور یہ تمام کیسز سیاسی سازشوں کا حصہ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی تک وکلا کی رسائی روکنا بھی ایک غیر قانونی عمل ہے اور اس پر سوال اٹھایا کہ اگر حکومت قانونی رسائی بھی فراہم نہیں کرتی تو کس طرح انصاف فراہم کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے پارٹی کے اندر بدعنوانی کے حوالے سے کہا کہ پی ٹی آئی نے ووٹ بیچنے والوں کو پارٹی سے نکال دیا ہے، اور یہ واضح پیغام دیا ہے کہ پارٹی میں کسی قسم کی بے ایمانی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
عمر ایوب نے عمرکوٹ میں حالیہ انتخابات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہاں پی ٹی آئی کی حمایت کے سوا ن لیگ کے پاس کوئی اور آپشن نہیں تھا۔
اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے حکومت سے مذاکرات کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے ہمیشہ یہ شرط رکھی تھی کہ بانی پی ٹی آئی تک رسائی دی جائے جسے حکومت نے نظر انداز کیا۔





