مانسہرہ پولیس کی بڑی کامیابی: ریچھ کے بچے کی سمگلنگ ناکام

مانسہرہ: ڈی ایس پی بالاکوٹ صداقت نصار کی زیر نگرانی مانسہرہ کی بالاکوٹ پولیس نے ایک بروقت اور اہم کارروائی کرتے ہوئے ریچھ کے بچے کی غیر قانونی سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔

کارروائی کے دوران ایک ملزم کو گرفتار کر کے محکمہ وائلڈ لائف کے اہلکاروں کو فوری طور پر موقع پر طلب کیا گیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزم شکیل خان ولد جاوید خان، سکنہ پشاور، ریچھ کے بچے کو غیر قانونی طور پر ایک مقام سے دوسرے مقام پر منتقل کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔

محکمہ وائلڈ لائف نے موقع پر پہنچ کر کارروائی کرتے ہوئے ملزم پر دو لاکھ دس ہزار روپے (2,10,000) کا بھاری جرمانہ عائد کیا۔

یہ بھی پڑھیں خیبر پختونخوا حکومت کا کوہ سلیمان رینج کو وائلڈ لائف کنزرونسی قرار دینے کے لیے وفاق سے رابطہ

ریچھ کے بچے کو وائلڈ لائف اہلکاروں کے حوالے کر دیا گیا ہے، جہاں اسے مناسب طبی دیکھ بھال اور محفوظ ماحول میں منتقل کیا جائے گا۔

ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور نے اس موقع پر کہا کہ قانون شکنی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس اور محکمہ وائلڈ لائف کی مشترکہ کوششوں سے نہ صرف ایک معصوم جان کو بچایا گیا بلکہ قانون کی بالا دستی کو بھی یقینی بنایا گیا ہے۔

Scroll to Top