تحریک انصاف کے ساتھ رابطے جاری رہیں گے، ترجمان جے یوآئی ف

اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے ترجمان اسلم غوری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے ساتھ رابطے جاری رہیں گے اور قومی و پارلیمانی معاملات پر مشاورت کا سلسلہ بدستور قائم رہے گا۔

نجی ٹی وی چینل ہم نیوز کے پروگرام ہم دیکھیں گےمیں گفتگو کرتے ہوئے اسلم غوری نے کہا کہ جے یو آئی (ف) ملک میں سیاسی استحکام اور اتحاد کی داعی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ہمیشہ اتحاد کی حمایت کی ہے، کسی سے مذاکرات کرنے سے پہلے اعتماد میں لینا طے ہوا تھا۔

اسلم غوری نے پی ٹی آئی کی داخلی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی رہنما ہر روز مختلف بیانات دیتے ہیں، جس سے یہ فیصلہ کرنا مشکل ہو جاتا ہے کہ کس سے مذاکرات کیے جائیں اور کس کے ساتھ اتحاد قائم کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ اچانک کیا گیا، ایک طرف بیرسٹر کا بیان کچھ اور تھا تو دوسری طرف سلمان اکرم راجہ کا مؤقف مختلف تھا۔ ہماری خواہش ہے کہ پی ٹی آئی اپنے اندرونی مسائل کو حل کرے تاکہ سیاسی معاملات میں سنجیدگی کے ساتھ آگے بڑھا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں میرے خلاف بات کرنے کا حق صرف بانی پی ٹی آئی کو ہے، کسی اور کو نہیں، شیر افضل مروت

ترجمان جے یو آئی (ف) نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی کے رہنماؤں کے متضاد بیانات سے اپوزیشن اتحاد کو نقصان پہنچا ہے، جبکہ ان کا مؤقف ہے کہ اتحاد اور مشاورت وقت کی اہم ضرورت ہے۔

Scroll to Top