علیمہ خان پر جیل میں پروپیگنڈا پھیلانے کا الزام، بیرسٹر عقیل ملک کا بیان سامنے آ گیا

اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے دعویٰ کیا ہے کہ علیمہ خان جیل کے احاطے میں سیاسی پروپیگنڈا کر رہی ہیں، جبکہ بانی پی ٹی آئی جمہوری طرز سیاست اختیار کرنے کو تیار نہیں۔

ہم نیوز کے پروگرام “ہم دیکھیں گے” میں گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نہ سیاستدانوں سے بات چیت کرنا چاہتے ہیں اور نہ ہی نظام کا حصہ بننے کو تیار ہیں۔ ان کے بقول یہ واضح ہے کہ وہ کس طرح اقتدار میں آئے تھے اور اب ان کی سیاست زوال پذیر ہے۔

بیرسٹر عقیل ملک نے مزید کہا کہ علیمہ خان پارٹی پر قبضہ جمانے کی کوشش کر رہی ہیں، اور ان کی جیل میں سرگرمیاں اس بات کا ثبوت ہیں۔ بعض رپورٹس کے مطابق، بانی پی ٹی آئی نے خود ملاقاتوں سے انکار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اس وقت ایک راہ پر ہے اور جے یو آئی (ف) کسی اور سمت جا رہی ہے۔ بانی پی ٹی آئی نے جے یو آئی کو سبز باغ دکھائے مگر عملی طور پر کچھ نہیں کیا۔

یہ بھی پڑھیں میرے خلاف مہم کے پیچھے علیمہ خان نہیں ہیں،شیر افضل مروت نے بالآخر واضح اعلان کردیا

مشیر قانون کے مطابق، پنجاب میں بھی پی ٹی آئی کے حامی اب مریم نواز کے اقدامات کی تعریف کر رہے ہیں اور پارٹی کی مقبولیت میں 50 فیصد تک کمی آ چکی ہے۔

عقیل ملک کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی تاحال اسٹیبلشمنٹ سے بات چیت میں دلچسپی رکھتی ہے، مگر اگر وہ واقعی پاکستان کی بہتری کی بات کرنا چاہتے ہیں تو حکومت مذاکرات کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت جمہوریت کو مستحکم کرنے، ڈیموکریسی انڈیکس بہتر بنانے اور دہشتگردی کے خاتمے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔

Scroll to Top