وزیراعظم اورترک صدرملاقات، توانائی، معدنیات اور آئی ٹی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر اتفاق

انقرہ: وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان نے انقرہ میں مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

دونوں رہنماؤں نے توانائی، کان کنی، معدنیات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت اہم شعبوں میں اشتراک کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

ترک صدر رجب طیب ایردوان نے وزیراعظم شہباز شریف کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات قائم ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کی دوستی باہمی اعتماد اور تعاون پر مبنی ہے، اور دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششیں قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ترکیہ ہر وقت اپنے پاکستانی بھائیوں کی مدد کے لیے تیار ہے۔

صدر ایردوان نے مزید کہا کہ ترکیہ اور پاکستان فلسطین کے مسئلے پر ایک مؤقف رکھتے ہیں، اور دونوں ممالک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کی اور غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں وزیر اعظم شہباز شریف ترکیہ کے دورے پر آج روانہ ہو نگے

وزیراعظم شہباز شریف نے پریس کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے ترک صدر کے شاندار استقبال پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ایردوان کی قیادت میں ترکیہ نے مثالی ترقی کی ہے۔

انہوں نے یاد دلایا کہ ترکیہ نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا، خصوصاً 2010 اور 2022 کے تباہ کن سیلابوں میں ترک قیادت نے پاکستان آ کر یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔

وزیراعظم نے زور دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف مشترکہ اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ امن کے قیام کے لیے دہشتگردی کے خلاف مؤثر حکمت عملی مرتب کی جائے۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال، علاقائی اور عالمی امور پر بھی تفصیلی بات چیت کی۔

Scroll to Top