پی ٹی آئی نے اے این پی کی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت قبول کرلی، تین رکنی وفد شرکت کرے گا
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کی جانب سے بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) میں شرکت کی دعوت قبول کر لی ہے۔ پی ٹی آئی کی جانب سے تین رکنی وفد اے پی سی میں شرکت کرے گا جس میں صوبائی جنرل سیکرٹری علی اصغر خان، پشاور ریجن کے جنرل سیکرٹری ارباب شیر علی اور رکن صوبائی اسمبلی شکیل خان شامل ہیں۔
اے این پی کی آل پارٹیز کانفرنس کل صبح 10 بجے باچا خان مرکز پشاور میں منعقد کی جائے گی، جس میں ملک کی مختلف سیاسی جماعتوں اور سول سوسائٹی کے نمائندگان شرکت کریں گے۔
اے این پی کے صوبائی جنرل سیکرٹری میاں افتخار حسین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کانفرنس کا مقصد مجوزہ مائنز اینڈ منرلز بل 2025 پر تمام سیاسی قوتوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنا ہے تاکہ اس پر ایک مشترکہ مؤقف تشکیل دیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس کے اختتام پر تمام شرکاء کی مشاورت سے ایک متفقہ اعلامیہ بھی جاری کیا جائے گا۔
میاں افتخار حسین کے مطابق اے این پی نے نہ صرف پی ٹی آئی بلکہ پاکستان مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلز پارٹی، جمعیت علمائے اسلام (ف)، جماعت اسلامی، قومی وطن پارٹی، نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ اور مزدور کسان پارٹی سمیت مختلف سیاسی و سماجی حلقوں کو بھی دعوت نامے ارسال کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مجوزہ بل صوبائی خودمختاری اور آئینی ڈھانچے سے متعلق سنگین سوالات کھڑے کرتا ہے، اور اس پر وسیع تر مشاورت ضروری ہے۔
اس پیش رفت کو ملکی سیاسی فضا میں مثبت تبدیلی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جہاں سیاسی جماعتیں اہم قومی معاملات پر مل بیٹھنے کو تیار نظر آ رہی ہیں۔





