نئی دہلی: بھارت نے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کا بہانا بناتے ہوئے پاکستان کے ساتھ سندھ طاس معاہدہ معطل کر دیا ہے۔ بھارتی وزارت خارجہ نے پاکستان کے ساتھ سفارتی تعلقات مزید محدود کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس سلسلے میں بھارت نے اٹاری اور واہگہ بارڈرز بند کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔
بھارتی حکومت نے پاکستان میں موجود اپنے سفارت کاروں کی تعداد میں کمی کا فیصلہ کرتے ہوئے اسے 55 سے کم کر کے 35 کر دیا ہے۔ بھارت نے پاکستان سے اپنے تمام دفاعی اتاشیوں کو واپس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس کے علاوہ بھارت نے نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کو بند کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے پاکستانی سفارتی عملے کو 7 دن کے اندر ملک چھوڑنے کا حکم دیا ہے۔
بھارت نے تمام پاکستانیوں کے ویزے منسوخ کرتے ہوئے انہیں 48 گھنٹے کے اندر ملک چھوڑنے کا حکم دیا ہے جبکہ سارک اسکیم کے تحت پاکستانیوں کو دیے گئے ویزے بھی بند کر دیے گئے ہیں۔