واشنگٹن :امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عندیہ دیا ہے کہ روس یوکرین کے ساتھ جنگ بندی کے لیے آمادہ نظر آ رہا ہے۔
میڈیا سے گفتگو میں ٹرمپ نے کہا کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی کے درمیان معاہدہ ممکن ہے، اور وہ چاہتے ہیں کہ یہ معاملہ جلد از جلد طے پا جائے۔
امریکی صدر نے اقتصادی امور پر بھی بات کرتے ہوئے کینیڈا اور چین سے تجارتی تعلقات پر موقف واضح کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا کو کینیڈین مصنوعات کی ضرورت نہیں، ہمیں اپنی گاڑیاں خود تیار کرنی چاہئیں۔ ٹرمپ نے اشارہ دیا کہ کینیڈا سے درآمد شدہ گاڑیوں پر 25 فیصد ٹیرف میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کینیڈین وزیراعظم مارک کارنی کے ساتھ ان کی اچھی گفتگو ہوئی ہے جبکہ چین کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ چینی مصنوعات پر عائد بھاری ٹیرف میں کمی کا انحصار بیجنگ کے رویے پر ہوگا۔
ٹرمپ کے مطابق اگلے دو سے تین ہفتوں میں چین کے لیے ٹیرف کی شرح کا تعین کیا جائے گا۔ اس وقت یہ ٹیرف 145 فیصد تک ہے، جو بقول ان کے بہت زیادہ ہے۔ تاہم، انہوں نے چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ اپنے اچھے تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کسی معاہدے پر پہنچ جائیں گے۔
واضح رہے کہ امریکا اور چین کے درمیان تجارتی کشیدگی اور روس-یوکرین جنگ عالمی سطح پر معیشت اور امن کے لیے اہم چیلنج بنے ہوئے ہیں۔