شہباز شریف وزیراعظم ہائوس پہنچ گئے ، قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس کچھ دیر بعد ہوگا

شہباز شریف وزیراعظم ہائوس پہنچ گئے ، قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس کچھ دیر بعد ہوگا

وزیراعظم کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس کچھ دیر بعد، بھارت کے اقدامات پر غور متوقع

تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں پیش آنے والے حملے اور 26 سیاحوں کی ہلاکت کے بعد بھارت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات پر غور کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس کچھ دیر بعد وزیراعظم ہاؤس میں منعقد ہوگا۔

اجلاس میں شرکت کے لیے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، وزیر قانون اعظم نزیر تارڑ، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور اٹارنی جنرل منصور اعوان وزیراعظم ہاؤس پہنچ چکے ہیں۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی کہ وزیراعظم کی جانب سے طلب کردہ اس اہم اجلاس میں بھارت کے آج کے اقدامات کا بھرپور جواب دینے کے حوالے سے حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں ملکی سلامتی کی مجموعی صورتحال، بھارت کی ممکنہ مہم جوئی، اور پہلگام حملے کو “فالس فلیگ آپریشن” قرار دینے سے متعلق پاکستان کے مؤقف پر بھی تفصیلی مشاورت ہو گی۔

ذرائع کے مطابق قومی سلامتی کمیٹی بھارت کے جنگی جنون سے نمٹنے کے لیے ممکنہ اقدامات کی منظوری بھی دے گی۔ اس کے علاوہ اجلاس میں سفارتی، سیاسی اور قانونی محاذ پر پاکستان کی پوزیشن کو مضبوط بنانے کے لیے مختلف تجاویز زیر غور آئیں گی۔

Scroll to Top