بھارتی فوج کی وادی لیپہ پر ہلکے ہتھیاروں سے فائرنگ ، افواج پاکستان کا بھرپور جواب بھاری ہتھیاروں کا استعمال

وادی لیپہ: دشمن بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر اشتعال انگیزی کا سلسلہ جاری ہے۔

گزشتہ رات بھارتی فوج نے وادی لیپہ کے کیانی سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ کا آغاز کیا، جس کا پاک فوج نے فوری اور مؤثر جواب دیا۔

کشمیری ڈیجیٹل کے نمائندے کے مطابق بھارتی فورسز نے رات تقریباً ڈیڑھ بجے ہلکے ہتھیاروں سے فائرنگ کی، جس کے جواب میں پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کی اور دشمن کو خاموش کروا دیا۔

ذرائع کے مطابق پاک فوج نے دشمن کی اشتعال انگیزی کے جواب میں بھاری ہتھیاروں کا بھی استعمال کیا۔

یہ بھی پڑھیں سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ کی غیر ملکی سفیروں کو پاک-بھارت کشیدگی پر اہم بریفنگ

علاقے میں دونوں اطراف سے فائرنگ کا سلسلہ کچھ دیر تک جاری رہا، تاہم پاک فوج کی جانب سے بروقت اور مؤثر کارروائی کے باعث دشمن کو شدید نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔

مقامی ذرائع کے مطابق فائرنگ کے باعث سرحدی علاقوں میں خوف کی فضا پیدا ہو گئی، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ پاک فوج کی چوکس موجودگی نے ایک بار پھر دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا دیا۔

واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ کا یہ عمل جنگ بندی معاہدے کی کھلی خلاف ورزی ہے، جس کی عالمی سطح پر مذمت کی جا رہی ہے۔

Scroll to Top